رسائی کے لنکس

واٹس ایپ: پیغامات پر 'ایموجی ری ایکشن' سمیت تین نئے فیچرز متعارف


معروف میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے موصول ہونے والے پیغام پر براہِ راست ایموجی کے ذریعے ری ایکشن، شیئرنگ کے لیے فائل سائز میں اضافے اور گروپ میمبرز کی تعداد بڑھانے کے نئے فیچرز متعارف کرادیے ہیں۔

واٹس ایپ نے اپریل میں نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا تاہم اب کمپنی نے جمعرات کو آفیشل بلاگ پوسٹ میں ان نئے فیچرز کی تفصیلات جاری کی ہیں جو واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن میں ہوں گے۔

'میٹا' کے زیرِ ملکیت واٹس ایپ کے مطابق اب میسجنگ ایپ پر موصول ہونے والے میسج پر کوئی بھی ردِّعمل دینے کے لیے علیحدہ سے اس کے جواب میں کوئی کریکٹر یا ایموجی بھیجنے کے بجائے میسج پر براہ راست ایموجی ری ایکشن دیا جاسکے گا۔

بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ایموجی ری ایکشن زیادہ دلچسپ اور تیز فیچر ہے۔ براہِ راست ری ایکشن سے گروپس میں پیغامات کا دباؤ بھی کم ہوگا۔

واضح رہے کہ میٹا کی ہی زیرِ ملکیت فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ 'انسٹاگرام' اور 'فیس بک میسنجر' پر ری ایکشن ایموجی کا فیچر پہلے ہی موجود ہے۔

بلاگ کے مطابق فی الحال ری ایکشن ایموجی میں محدود تاثرات کے کریکٹر اور سائن دیے جارہے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ان میں مزید اضافہ کردیا جائے گا۔

واٹس ایپ ٹیکس پیغامات کے تبادلے کے ساتھ ساتھ تصاویر، ویڈیوز، پی ڈی ایف اور دیگر فارمٹس کی ڈیجیٹل فائلز اور ڈاکیومنٹ شیئرنگ کا بھی ایک بڑا پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

اب تک واٹس ایپ میں زیادہ سے زیادہ 100 ایم بی سائز کی فائل بھیجنے کی سہولت موجود تھی لیکن اب کمپنی نے اس حد کو بڑھا کر دو جی بی کردیا ہے۔

اس نئے فیچر کے بعد واٹس ایپ کے ذریعے بڑی فائلز کا تبادلہ ممکن ہوجائے گیا۔ کمپنی کے مطابق یہ فیچر چھوٹے کاروبار اور اسکولز وغٰیرہ کے لیے بنائے گئے گروپس کے لیے کار آمد ثابت ہوگا۔

ساتھ ہی واٹس ایپ نے تجویز کیا ہے کہ زیادہ بڑی فائلز کے لیے صارفین وائی فائی کا استعمال کریں۔ اس کے علاوہ فائل کی منتقلی کے وقت ایک کاؤنٹر بھی اس کے ساتھ ظاہر کیا جائے گا جو فائل ٹرانسفر میں لگنے والے وقت کے بارے میں بتائے گا۔

واٹس گروپ کے ممبرز میں اضافہ

آن لائن کاروبار، تعلیم، معلومات کے تبادلے، تفریح، پروفیشنل یا فیملی اور دوستوں سے رابطوں کے لیے واٹس ایپ گروپس کا استعمال ایک عام رواج بن چکا ہے۔

واٹس کے گروپس میں زیادہ سے زیادہ 256 کانٹیکٹس ہی شامل کیے جاسکتے تھے لیکن اب کمپنی نے یہ تعداد بڑھا کر 512 کردی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ گروپ چیٹ کے شرکا کی تعداد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ ان کے صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ موصول ہونے والے مطالبات میں شامل تھا۔ تاہم پہلے مرحلے پر شرکا کی تعداد 512 کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ واٹس ایپ نے گروپ چیٹس 2011 میں متعارف کرائی تھیں اور اب یہ اس کے مقبول ترین فیچرز میں شمار ہوتا ہے۔

گروپس کے بارے میں واٹس ایپ نے اپنے ایک اور آفیشل بلاگ میں گروپ ایڈمن کو کوئی بھی میسج ڈیلیٹ کرنے کا اختیار دینے کافیچر متعارف کرانے کا عندیہ بھی دیا تھا لیکن جمعرات کو جاری کی گئی تفصیلات میں اس فیچر کا ذکرنہیں ہے۔

XS
SM
MD
LG