رسائی کے لنکس

'یہ تاریخی لمحہ ہے اور مجھے اس کی اہمیت کا احساس ہے'وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری


وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری کیرن ژاں پئیر ۔ فائل فوٹو
وائٹ ہاؤس کی نئی پریس سیکریٹری کیرن ژاں پئیر ۔ فائل فوٹو

وائٹ ہاؤس نے جمعرات کو نئی پریس سیکریٹری کا اعلان کیا ہے۔ موجودہ پریس سیکریٹری جین ساکی 13 مئی کو یہ منصب چھوڑ رہی ہیں اور ان کی جگہ کیرن ژان پئیر یہ فرائض ادا کریں گی۔

ژاں پئیر اس وقت ڈپٹی پریس سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ پہلی افریقی امریکی اور پہلی ہم جنس پرست خاتون ہیں جو اس منصب پر فائز ہوں گی۔

وائٹ ہاؤس میں بات کرتے ہوئے ژاں پئیر نے کہا، " یہ ایک تاریخی لمحہ ہے، اور مجھ ے اس کی اہمیت کا پورا احساس ہے۔"

انہوں نے کہا کہ ان کا یہ منصب ان کے لیے "ایک اعزاز ہے۔"

ایک بیان میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا،" کیرن نہ صرف اس مشکل عہدے کے لیے ضروری قابلیت اور بھروسے کی حامل ہیں، بلکہ وہ بائیڈن۔ ہیرس انتظامیہ کے کام کے بارے میں امریکی عوام سے رابطے کی راہ پر قائدانہ کردار بھی جاری رکھیں گی۔ وہ میرے اور اس انتظامیہ کے لیے ایک مضبوط آواز ثابت ہوں گی۔"

صدر نے مزید کہا،" جین ساکی نے وائٹ ہاؤس بریفنگ روم میں شائستگی، احترام اور وقار کا معیارقائم کیا۔ میں جین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں ، انہوں نے گفتگو کے معیار میں اضافہ کیا، امریکی عوام کے ساتھ راست گوئی کے ساتھ براہ راست رابطہ رکھا اور ایسا کرتے ہوئے بذلہ سنجی کا دامن تھامے رکھا۔"

جین ساکی نے جو صدر بائیڈن کے اپنے منصب پر فائز ہونے کے بعد سے ہی پریس سیکریٹری کے فرائض ادا کرتی رہی ہیں، ایک ٹویٹ میں صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے انہیں اس منصب پر خدمات کا موقع دیا۔

ساکی نے کہا، " پوٹس(صدرِ امریکہ) اور فلوٹس(امریکی خاتونِ اول) اور بائیڈن فیملی کو یہ بتانے کے لیے میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے کہ میں شکر گزار ہوں کہ انہوں نے پریس سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے مجھ پر اعتماد کیا ۔آج کا دن کے جے پی ( کیرن ژاں پئیر) کا ہے۔ چنانچہ کچھ خیالات اس شاندار خاتون کے لیے جو جلد ہی ہر روز پوڈیم پر آپ کے سامنے ہو گی۔"

ساکی نے ٹویٹر پر لکھا،" نمائندگی کی اہمیت ہے۔ " اور یہ کہ،" ژاں پئیر بہت سوں کی آواز بنیں گی۔ میں منتظر ہوں کہ انہیں اپنے انداز، ذہانت اور وقار کے ساتھ پوڈیم پر نمودار ہوتا دیکھوں۔"

XS
SM
MD
LG