رسائی کے لنکس

عالمی سطح پر کرونا کیسز میں مسلسل چوتھے ہفتے اضافہ، وائرس کی نئی اقسام پریشان کن 


برطانیہ میں بیس مارچ کو لاک ڈاون کی پابندیوں کے خلاف احتجاج میں ماسک کے بغیر مظاہرین نے شرکت کی۔ فوٹو اے پی
برطانیہ میں بیس مارچ کو لاک ڈاون کی پابندیوں کے خلاف احتجاج میں ماسک کے بغیر مظاہرین نے شرکت کی۔ فوٹو اے پی

عالمی سطح پر کووڈ 19 سے متاثرہ افراد میں چار ہفتوں کے دوران مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے میں نئے متاثرہ افراد کی تعداد 33 لاکھ تک جا پہنچی ہے جب کہ کرونا وائرس سے اموات کی تعداد مسلسل چھ ہفتوں تک کم ہونے کے بعد 60 ہزار اضافی اموات رپورٹ کی گئی ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر کرونا سے ہر دس میں سے آٹھ اموات یورپ اور امریکہ میں واقع ہوئیں۔ سوائے مغربی بحرالکاہل خطے کے، دنیا کے تمام خطوں میں مرض کی شرح میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ ہفتوں میں عمومی طور پر براعظم افریقہ اور امریکہ کے ممالک میں کووڈ 19 سے متاثرہ افراد کی شرح ایک سطح پر برقرار رہی۔ البتہ برازیل سمیت کچھ ممالک میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ برازیل میں کیسز کی شرح میں تین فیصد اضافہ ہوا۔

امریکہ میں اس عرصے میں 374,369 نئے کیسز سامنے آئے جب کہ اسی دوران بھارت میں 240,082 نئے کیسز رپورٹ کیے گئے۔ یوں بھارت میں متاثرہ افراد کی شرح میں 62 فیصد اضافہ ہوا۔

عالمی ادارے کے مطابق برطانیہ سے پھیلنے والی کرونا وائرس کی قسم اس وقت دنیا کے تمام خطوں میں واقع 125 ممالک تک پھیل چکی ہے۔

ادارہ صحت کے مطابق وائرس کی اس قسم سے زیادہ مریضوں کے ہسپتالوں میں داخلے، مرض کی شدت میں اضافے اور اموات کی شرح میں اضافے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔

اپنی تازہ ترین رپورٹ میں عالمی ادارہ صحت نے ایک تحقیق کا حوالہ دیا جس میں دیکھا گیا کہ برطانیہ میں 55 ہزار کووڈ 19 کے مریضوں میں سے گزشتہ سال اکتوبر سے اس سال جنوری تک اس نئی قسم کے وائرس سے ہر 1000 میں سے چار اعشاریہ ایک کی شرح سے اموات واقع ہوئیں۔ جبکہ اس سے قبل وائرس کی قسم سے شرح اموات دو اعشاریہ پانچ فی ہزار تھی۔

برطانوی قسم کے علاہ جنوبی افریقہ میں دریافت ہونے والی وائرس کی قسم اس وقت دنیا کے 75 ممالک میں پھیل چکی ہے۔ ایک تازہ ترین تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ جنوبی افریقہ میں اس سال جنوری میں آنے والی کووڈ 19 کی لہر کے دوران اس قسم کے وائرس کے باعث شرح اموات میں 20 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔

اس کے علاہ اس متعدی وائرس کی ایک تیسری قسم پی ون ہے جو وائرس کی ابتدائی قسم سے دو اعشاریہ پانچ فیصد تیز رفتاری سے پھیلتی ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے کرونا وائرس ریسورس سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق مارچ تک دنیا میں کووڈ 19 کیسز کی تعداد بارہ کروڑ پینتالیس لاکھ اڑتیس ہزار ستائیس ( 124،538،027) ریکارڈ کی گئی جبکہ یہ مرض ستائیس لاکھ انتالیس ہزار ایک سو پچاس( 2،739،150) افراد کی جان لے چکا ہے۔

ان مسلسل مسائل کے سامنے ایک امید افزا پیش رفت کووڈ 19 سے بچاؤ کی ویکسین کے حوالے سے سامنے آئی ہے اور نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ فائزر اور ایسٹرازینیکا کمپنیوں کی بنائی گئی ویکسین موثر ثابت ہو رہی ہیں۔

XS
SM
MD
LG