رسائی کے لنکس

عالمی ادارہ صحت نے زیکا کو بین الاقوامی خطرہ قرار دے دیا


حاملہ عورتیں ایک اسپتال میں بچوں کی پیدائش سے قبل طبی معائنے کے لیے انتظار کر رہی ہیں۔
حاملہ عورتیں ایک اسپتال میں بچوں کی پیدائش سے قبل طبی معائنے کے لیے انتظار کر رہی ہیں۔

ماہرین کا کہنا تھا کہ جنوبی امریکہ میں چھوٹے سر کے بچوں کی پیدائش اور دیگر اعصابی عوارض کا اس وائرس سے تعلق ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور دنیا کے دیگر حصوں میں صحت عامہ کے لیے خطرہ ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے چھوٹے سر کے بچوں کی پیدائش اور زکا وائرس سے متعلق دیگر اعصابی عوارض کو عالمی سطح پر عوامی صحت کے لیے ایک ہنگامی خطرہ قرار دے دیا ہے۔

جنیوا میں پیر کو ماہرین کے ایک خصوصی اجلاس میں جنوبی امریکہ میں زکا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ سے پیدا ہونے والے خطرات کا جائزہ لیا گیا۔

عالمی ادارہ صحت میں ماہرین کے اس گروپ نے اتفاق کیا کہ زکا وائرس سے انفیکشن خود طبی لحاظ سے ایک سنگین خطرہ نہیں اور اس وائرس کے پھیلاؤ کو عوامی صحت کے لیے ہنگامی صورتحال قرار نہیں دیا جا سکتا۔

تاہم ماہرین کا کہنا تھا کہ جنوبی امریکہ میں چھوٹے سر کے بچوں کی پیدائش اور دیگر اعصابی عوارض کا اس وائرس سے تعلق ایک غیر معمولی واقعہ ہے اور دنیا کے دیگر حصوں میں صحت عامہ کے لیے خطرہ ہے۔

لہٰذا عالمی ادارہ صحت کی ڈائریکٹر جنرل مارگریٹ چن نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرہ ممالک میں اس خطرے کو کم کرنے اور اسے عالمی سطح پر پھیلنے سے روکنے کے لیے مربوط عالمی کوششوں کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’میں یہ اعلان کرتی ہوں کہ لاطینی امریکہ میں حال ہی میں متعدد چھوٹے سر کے بچوں اور دیگر اعصابی عوارض والے بچوں کی پیدائش اور 2014 میں بھی اسی طرح فرنچ پولینیزیا میں ایسے بچوں کی پیدائش عالمی سطح پر عوامی صحت کے لیے خطرہ ہے۔‘‘

برازیل، امریکہ، السلواڈور اور فرانس کے ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے احتیاطی تدبیر کے طور پر انفیکشن اور پیدائشی نقائص اور اعصابی امراض کا پتا چلانے کے لیے عالمی نگرانی کے نظام میں بہتری کی سفارش کی۔

عالمی ادارہ صحت نے متنبہ کیا ہے کہ ممکنہ طور پر سنگین پیدائشی نقائص کا سبب بننے والا زکا وائرس جنوبی امریکی خطے میں تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے اس سال 40 لاکھ تک لوگ متاثر ہو سکتے ہیں۔

برازیل میں گزشتہ اکتوبر سے اب تک 4000 چھوٹے سر کے بچوں کی پیدائش کی اطلاع موصول ہوئی ہے جبک 2014 میں یہ تعداد 150 تھی۔

ادھر لاطینی ممالک میں صحت کی وزارتوں کی طرف سے عورتوں کو حمل میں تاخیر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ ہدایات وسطی امریکہ کے ملک السلواڈور، ایکواڈور، کولمبیا اور جمیکا کے حکام کی طرف سے جاری کی گئیں۔

XS
SM
MD
LG