رسائی کے لنکس

ورلڈ کپ کے دوران بھارتی فلموں کا جادو پھیکا پڑ گیا


ورلڈ کپ کے دوران بھارتی فلموں کا جادو پھیکا پڑ گیا
ورلڈ کپ کے دوران بھارتی فلموں کا جادو پھیکا پڑ گیا

بھارت میں فلموں کا جادو ورلڈ کپ کے آگے پھیکا پڑگیا ہے اور آنے والے دو ماہ تک کوئی بھی بڑی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔ بھارت میں ان دنوں کرکٹ کے 'فیورکی وباء' سی پھیلی ہوئی ہے۔ جس طرف دیکھو کرکٹ ہی کرکٹ ہے۔ لوگوں نے سینما گھروں کے بجائے اسٹیڈیم کا رخ کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے سنیما ویران سے ہوگئے ہیں۔ لوگوں کی دلچسپی کے باعث فلم انڈسٹری کے لوگوں نے فیصلہ کیا ہے کہ جب تک ورلڈ کپ ہے کوئی فلم ریلیز نہ کی جائے ورنہ وہی ہوگا جو 'سات خون معاف' کا ہوا ہے۔ لوگوں نے فلم دیکھنے کے بجائے میچ دیکھنے کو ترجیح دی ۔

مرے پر سو درے کا کا م اسکول کالجو ں میں ہونے والے امتحانات نے کیا۔ بھارت میں نیا تعلیمی سیشن اپریل سے شروع ہوجاتا ہے اور مارچ کا پورا مہینہ امتحانات میں گزرتا ہے۔ اس لئے مارچ میں فلموں کو دوہرے نقصان سے بچانے کے لئے ورلڈ کپ ختم ہونے تک کوئی بھی بڑی فلم ریلیز نہیں ہوگی۔

اس سال فروری اور مارچ میں 23 فلموں کو ریلیز ہونا تھا جو سب کی سب روک دی گئی ہیں۔ پچھلے سال ان دونوں مہینوں میں مجموعی طور پر 30 فلمیں ریلیز ہوئی تھیں۔ رواں ماہ اور مارچ کے دوران ریلیز ہونے والی فلموں میں بڑے بجٹ اور بڑے اسٹارز والی فلمیں بھی شامل تھیں۔

ایروز انٹرنیشنل میڈیا لمٹیڈ کے چیف فنانس آفیسر کمل جین کا کہنا ہے کہ ان کے ادارے نے 18فروری سے 2 اپریل تک کی مدت کے دوران شیڈول کی گئی ساری فلموں کی ریلیز 15 اپریل تک روک دی ہے۔ ہم کسی قسم کا رسک لینا نہیں چاہتے۔

ایک اندازے کے مطابق بھارت میں ورلڈ کپ کے دوران فلمیں نہ دیکھنے والوں کی شرح 27 فیصد سے بھی زیادہ ہے ۔ ادھر ورلڈ کپ سے اخبارات اور الیکٹرونک میڈیا کی تشہیری بجٹ بڑھ گیا ہے ۔ بھارت میں جتنے بھی اسپورٹس چینل ہیں ان کی آمدنی دوسری کیٹگری کے چینلز سے کہیں زیادہ ہوگئی ہے ۔

ایک محتاط اندازے کے مطابق ورلڈ کپ اور انڈین پریمیر لیگ کے وقت اشتہارات سے مجموعی طور پر ساڑھے سترہ ارب روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔

XS
SM
MD
LG