بھارت میں ہفتے کے روز عالمی یومِ ماحولیات منایا گیا، اور اِس مناسبت سےکاربن گیسوں کےاخراج کو کم کرنے پرزور دینےکےلیےمختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔
اصل تقریبات دارالحکومت دہلی میں منائی گئیں۔ سابق صدرِ جمہوریہ ڈاکٹرعبد الکلام نےایک تقریب میں حکومت سے اپیل کی کہ وہ بایو ڈاؤرسٹی، یعنی حیاتیانی تنوع، کے تحفظ کےلیے نجی کمپنیوں کے ساتھ اشتراک کرے۔
اُنھوں نے اِس موقع پر تمل ناڈو کی ایک نجی فاؤنڈیشن کواِندھرا گاندھی ماحولیاتی ایوارڈ پیش کیا۔ کئی مرکزی وزرا نے بھی اِس تقریب سے خطاب کیا، جب کہ دہلی کی وزیرِٕ اعلیٰ شیلا ڈکشٹ نے بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور خود بھی یہ گاڑی چلائی۔
اِس موقع پر اُنھوں نے کہا کہ اِس قدم سے دہلی میں گرین ہاؤس گیسوں کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ اُنھوں نے بجلی اور پانی کی بچت پر بھی زور دیا۔
ساتھ ہی، کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن نے کامن ویلتھ گارڈن میں پودے لگانےکی ایک تقریب منعقد کی۔ اُتر پردیش، بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر اور دیگر ریاستوں سے بھی یومِ ماحولیات منانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
اُدھر، 17ملکوں کے ایک عالمی سروے میں بھارت کو ‘ماحول دوست ممالک’ میں سرِ فہرست رکھا گیا ہے، جب کہ نئی دہلی میونسپل کارپوریشن کو کاربن گیسوں کے اخراج میں کمی کرنے پر پانچ لاکھ روپے کا نقد انعام دیا گیا۔
تمل ناڈو کی ایک نجی فاؤنڈیشن کواِندھرا گاندھی ماحولیاتی ایوارڈ پیش کیاگیا، جب کہ دہلی کی وزیرِٕ اعلیٰ شیلا ڈکشٹ نے بیٹری سے چلنے والی گاڑیوں کے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور خود بھی یہ گاڑی چلائی
مقبول ترین
1