رسائی کے لنکس

ورلڈ ٹی20: بھارت نے پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی


پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 18 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 118رنز بنائے تھے۔ جواباً بھارت نے مقررہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 5ء15 اوورز میں حاصل کرلیا۔

بھارت میں جاری ورلڈ ٹی20 کے سپر 10 مرحلے کے اہم ترین میچ میں بھارت نے روایتی حریف پاکستان کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔

ہفتے کو کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں کھیلے جانے والے گروپ 2 کے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

بارش کے باعث میچ کا آغاز تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہوا جس کے باعث میچ کو 18، 18 اوور تک محدود کردیا گیا تھا۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 18 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 118رنز بنائے تھے۔ جواباً بھارت نے مقررہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 5ء15 اوورز میں حاصل کرلیا۔

بھارت کی بیٹنگ لائن کو ابتدا میں مشکل کا سامنا کرنا پڑا اور 23 کے مجموعی اسکور پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے۔

بھارت کی پہلی وکٹ تیسرے اوور کی پہلی گیند پر گری جب محمد عامر کی گیند پر شعیب ملک نے روہیت شرما کا کیچ لیا۔ شرما نے 10 رنز بنائے۔

پانچویں اوور میں چھ رن بنانے والے شیکھر دھاون محمد سمیع کا نشانہ بنے۔ اگلی ہی گیند پر سمیع نے سریش رائنا کی وکٹ حاصل کی جو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

لیکن اس موقع پر ورات کوہلی اور یووراج سنگھ نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں بھارتی ٹیم کے اسکور میں 61 رنز کا اضافہ کیا اور میچ پر بھارت کو دوبارہ گرفت دلا دی۔

یووراج 24 کے اسکور پر وہاب ریاض کی گیند پر سمیع کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے کوہلی ٹاپ اسکورر رہے جن کی نصف سینچری نے بھارت کی فتح میں بنیادی کردار ادا کیا۔ کوہلی نے 37 گیندوں پر 55 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔

دھونی 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے شرجیل خان اور احمد شہزاد نے اننگز کا آغاز کیا تو شرجیل 4ء7 اوورز میں 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ 10 ویں اوور میں 46 کے مجموعی اسکور پر گری جب احمد شہزاد جسپریت بمراہ کی گیند پر ورندرا جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 25 رنز بنائے۔

پاکستان کے آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کپتان شاہد آفریدی تھے جو 14 گیندوں پر صرف آٹھ رنز بناسکے۔ آفریدی کے پویلین لوٹنے کے بعد عمر اکمل اور شعیب ملک نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں قومی ٹیم کے اسکور میں 40 رنز کا اضافہ کیا۔

عمر اکمل 5ء15 اوورز میں 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کے آؤٹ ہونے والے پانچویں کھلاڑی شعیب ملک تھے جو 2ء16 اوورز میں اشیش نہرا کی گیند پر روی چندرا ایشون کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹے۔

شعیب ملک نے 16 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے۔ سرفراز احمد 8 اور محمد حفیظ 5 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کی جانب سے اشیش نہرا، جسپرت بمراہ، روندرا جدیجا، سریش رائنا اور ہردیک پندیا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ کے بعد بھارت گروپ 2 میں 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر آگیا ہے جب کہ پاکستان بدستور دو پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیوزی لینڈ اپنے دونوں میچ جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے۔

XS
SM
MD
LG