رسائی کے لنکس

یمن: القاعدہ کے خلاف کارروائی، ایک امریکی فوجی اہل کار ہلاک


امریکی سینٹرل کمان کے کمانڈر، جنرل جوزف وٹل نے کہا ہے کہ ''دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں جان کا نذرانہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ دہشت گرد دنیا بھر کے بے گناہ انسانوں کی زندگیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں''

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ یمن میں القاعدہ کے خلاف کارروائی کے دوران ایک امریکی فوجی اہل کار ہلاک جب کہ تین زخمی ہوئے۔

امریکی سینٹرل کمان کے کمانڈر، جنرل جوزف وٹل نے کہا ہے کہ ''ہمیں اپنےایک خصوصی تربیت یافتہ اہل کار کے نقصان پر سخت افسوس ہے''۔

اُنھوں نے کہا کہ ''دہشت گردوں کے خلاف لڑائی میں جان کا نذرانہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، کیوںکہ دہشت گرد دنیا بھر کے بے گناہ انسانوں کی زندگیوں کو نقصان پہنچاتے ہیں''۔

امریکی مرکزی کمان کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران القاعدہ کی مقامی شاخ سے تعلق رکھنے والے 14 لڑاکوں کو ہلاک کیا گیا۔

بیان کے مطابق، کارروائی میں شامل ایک لڑاکا طیارے کو زمین پر اترتے ہوئے فنی خرابی پیش آئی جس کے باعث مزید ایک امریکی اہل کار کے زخم آئے، جب کہ طیارہ تباہ ہوگیا۔

قبائلی اور مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والوں میں القاعدہ کے تین مبینہ سرغنے بھی شامل تھے۔

یہ فوجی کارروائی صوبہ بیضا میں کی گئی۔

XS
SM
MD
LG