رسائی کے لنکس

زمبابوے کا بڑا اپ سیٹ؛ ون ڈے میچ میں آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے ہرا دیا


زمبابوے نے آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ایک روزہ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں تین وکٹوں سے شکست دے کر اپ سیٹ کر دیا۔

ہفتے کو ٹاؤنز ویل میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ تاہم آسٹریلوی ٹیم 31 اوورز میں صرف 141 رنز بنا سکی۔

آسٹریلیا کی جانب سے صرف اوپنر ڈیوڈ وارنر ہی کریز پرجمے رہے اور اُنہوں نے دو چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 96 گیندوں پر 94 رنز بنائے، تاہم باقی بلے باز ایک، ایک کر کے پویلین لوٹتے رہے۔ کپتان ایرن فنچ نے پانچ، اسٹیو اسمتھ ایک، ایلکس کیری چار، مارکوس اسٹوائنس تین، کیمرون گرین تین اور گلین میکسویل 19 رنز بنا سکے۔

زمبابوے کی جانب سے لیگ اسپنر ریان برل نے تباہ کن بالنگ کرتے ہوئے تین اوورز میں صرف 10 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

جواب میں زمبابوے کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف سات وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔ یہ زمبابوے کی آسٹریلیا کے خلاف تیسری فتح ہے۔ البتہ آسٹریلوی سر زمین پر زمبابوے نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا کو شکست دی ہے۔

اس سے قبل سن 1983 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں نوٹنگھم برطانیہ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو 13 رنز جب کہ 2014 میں ہرارے میں کھیلے گئے ایک روزہ میچ میں بھی آسٹریلیا کو تین وکٹوں سے شکست دی تھی۔

تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے دو میچز آسٹریلیا نے جیت لیے تھے۔

XS
SM
MD
LG