نئے سال 2016 کا سورج بالی ووڈ سنگر عدنان سمیع کے لئے نئی نوید لیکر طلوع ہو رہا ہے۔ ان کی دیرینہ خواہش جو پوری ہو رہی ہے، کئی سالوں سے کوشاں عدنان سمیع کو بلاخر بھارتی شہریت مل گئی۔ یکم جنوری2016سے وہ بھارتی شہری کہلائیں گے۔
عدنان سمیع نے بھارتی حکومت سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر شہریت دینے کی درخواست کی تھی جو بالآخر منظور کرلی گئی۔ وہ پہلے بھی کئی بار مختلف اوقات میں وزارت داخلہ کو شہریت کے حصول کے لئے درخواستیں دے چکے تھے۔
انہوں نے رواں سال26 مئی کوبھی ایک درخواست میں قیام کی اجازت مانگی تھی۔ وہ 13 مارچ 2001 کو پہلی مرتبہ ایک سال کے وزٹ ویزا پر بھارت پہنچے تھے۔ یہ ویزا انہیں اسلام آباد میں واقع بھارتی ہائی کمیشن نے جاری کیا تھا۔
عدنان سمیع کے ویزے میں وقتاً فوقتاً توسیع کی جاتی رہی۔ انہیں 27 مئی 2010 کو پاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا، جس کی میعاد 26 مئی 2015 کو ختم ہوگئی تھی۔ تاہم، اس کے بعد، انہوں نے پاسپورٹ میں توسیع کی درخواست نہیں دی۔
عدنان سمیع کو شہریت دیئے جانے کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی۔ بھارت کے متعدد اخبارات جیسے ’انڈین ایکسپریس‘، ’ ٹائمز آف انڈیا‘ اور ’این ڈی ٹی وی‘ نے اس خبر کو نمایاں انداز میں جگہ دی، جبکہ پاکستان میڈیا میں بھی یہ خبر دن بھر نہایت ’گرم‘ رہی۔ سوشل میڈیا پر تو اس حوالے سے ایک لمبی بحث جھڑی ہوئی ہے۔