رواں برس کئی مشہور بالی وڈ فلموں کے سیکوئل سنیما گھروں کی زینت بنیں گے جن میں ٹائیگر تھری، فکرے تھری اور ڈریم گرل ٹو شامل ہے۔ معروف اداکار ارشد وارثی نے بھی حال ہی میں فلم 'جولی ایل ایل بی' کے سیکوئل کی تصدیق کی ہے۔
'جولی ایل ایل بی' مشہور کامیڈی فلم سیریز ہے جس کا پہلا حصہ 2013 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اداکار ارشد وارثی کے ساتھ امرتا راؤ، بومن ایرانی اور سنجے مشرا سمیت کئی اداکاروں نے فن کے جوہر دکھائے تھے۔
بعد ازاں سن 2017 میں فلم کا دوسرا حصہ ریلیز ہوا جس میں اداکار اکشے کمار اور ہما قریشی نے مرکزی کردار ادا کیے تھے۔
اس فلم سیریز کو خوب پسند کیا گیا تھا اور اب لگ بھگ پانچ برس بعد اس کا تیسرا حصہ بنانے کی تصدیق کی گئی ہے۔
'ٹائمز آف انڈیا' کے مطابق ارشد وارثی نے حال ہی میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ 'جولی ایل ایل بی تھری' کی تیاری پر کام کر رہے ہیں اور فلم ممکنہ طور پر آئندہ برس ریلیز کے لیے پیش کی جائے گی۔
SEE ALSO: فکرے 3، جوان؛ آئندہ چھ ماہ میں بالی وڈ کی کون کونسی فلمیں آنے والی ہیں؟ارشد وارثی نے یہ انٹرویو انٹرینمنٹ ویب سائٹ 'ٹیلی چکر' کو دیا جس میں انہوں نے منا بھائی ایم بی بی ایس کے سیکوئل کے متعلق بھی کہا کہ ابھی ایسا کچھ نہیں ہو رہا لیکن وہ چاہتے ہیں کہ اس کے سیکوئل پر کام کیا جائے۔
اداکار ارشد وارثی نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ'جولی ایل ایل تھری' میں وہ اور اکشے کمار دونوں ساتھ نظر آئیں گے۔
یاد رہے کہ اکشے کمار اور ارشد وارثی اس سے قبل فلم 'بچن پانڈے' میں ایک ساتھ آئے تھے۔ فلم باکس آفس پر زیادہ بزنس کرنے میں ناکام رہی تھی۔
جولی ایل ایل بی تھری' سے متعلق اب تک باضابطہ طور پر کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔