ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان، پاکستان کے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز منظور

فائل فوٹو

ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی)نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

اے سی سی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ ایشیا کپ کے میچز 31 اگست سے17 ستمبر تک پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔

بیان کے مطابق ایشیا کپ کے 13 میں سے چار میچز کی میزبانی پاکستان کرے گا جب کہ بقیہ نو میچز سری لنکا میں ہوں گے۔

ایونٹ میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور نیپال کی ٹیمیں شریک ہوں گے۔

اے سی سی کے مطابق ایشیا کپ کے لیے ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا اور ہر گروپ میں شامل ٹیم دو میچز کھیلے گی۔

دو میچز جیتنے والی ٹیم سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کر جائے گی اور اس مرحلے کی ابتدائی دو ٹیموں کے درمیان فائنل کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کے پاس ہے لیکن بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے مؤقف ہے بعد ایونٹ کی میزبانی پر تنازع کھڑا ہو گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیا کپ کھیلنے پاکستان نہ آئی تو پاکستان بھی رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا۔

SEE ALSO: نجم سیٹھی کی نیوٹرل وینیو پر پاک، بھارت ٹیسٹ سیریز کی تجویز، ہائبرڈ ماڈل کا بھی دفاع

بعد ازاں ایونٹ کے میزبان ملک کے طور پر پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ہائبرڈ ماڈل کی تجویز دی تھی جس میں انہوں نے کچھ میچز پاکستان میں کرانے اور بھارت کے میچز کسی اور ملک میں کرانے کی پیش کش کی تھی۔

پی سی بی کے ہائبرڈ ماڈل پر کافی بحث و مباحثے کے بعد اے سی سی نے جمعرات کو اسی ماڈل کے تحت ایونٹ کے شیڈول کا اعلان کیا ہے۔