کھیلوں کے مقابلوں پر کرونا کے وار ابھی ختم نہیں ہوئے۔ چین کے شہر ہانگجو میں رواں برس ستمبر میں ہونے والے 19ویں ایشین گیمز بھی کرونا کے ممکنہ پھیلاؤ کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے ہیں۔
چین کے سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق 19ویں ایشین گیمز 10 ستمبر سے 25 ستمبر 2022 کے درمیان ہانگجو شہر میں کھیلے جانےتھے جو اب اپنے مقررہ وقت پر نہیں ہوں گے اور نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ایشین گیمز کی انتظامیہ نے کھیلوں کے التوا کی وجہ کا ذکر نہیں۔ تاہم یہی خیال کیا جا رہا ہے کہ ہانگجو شہر چین کے سب سےبڑے شہر شنگھائی کے نزدیک ہے جو کرونا کی لپیٹ میں ہے اس لیے ایشیائی ممالک کے سب سے بڑے مقابلوں کو کرونا کی نئی لہر کی وجہ سے ملتوی کیا گیا ہے۔
گزشتہ کئی ہفتوں سے شنگھائی میں لاک ڈاؤن ہے اور امکان یہی ہے کہ چینی حکومت کسی بھی ایونٹ کی میزبانی سے پہلے کرونا کی نئی لہر کو ختم کرنے کی جانب بڑھ رہی ہے۔
SEE ALSO: چین میں کرونا کی نئی لہر، شنگھائی کے ایک بڑے حصے میں لاک ڈاؤن نافذایشین گیمز کے لیے ہانگجو میں 56 نئے مقامات تعمیر کیے گئے ہیں جہاں ایشین گیمز کے بعد ایشین پیرا گیمز کے مقابلے منعقد ہونا تھے۔تاہم چینی حکومت کے فیصلے کے بعد اب شائقین کا انتظار طویل ہوجائے گا۔
رواں سال فروری میں چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ونٹر اولمپکس کے کامیاب تجربے کے بعد خیال کیا جارہا تھا کہ ایشین گیمز اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔ تاہم انتظامیہ کے فیصلے کےبعد اب لگ رہا ہے کہ یہ کھیل 2023 میں منعقد ہوں گے کیوں کہ پیرس میں اولمپک گیمز کا میلہ 2024 میں سجنے والا ہے۔