ورلڈ الیون میچوں کے ٹکٹوں کی فروخت جاری

آزادی سیریز دیکھنے کے لیے کرکٹ کے دیوانے بینکوں کی برانچوں کے باہر قطار لگا کر ٹکٹ کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔

رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرنے والی ورلڈ الیون کے میچوں کے لیے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بینک آف پنجاب کی مخصوص شاخوں پر ٹکٹوں کی فروخت جمعے کو دوسرے روز بھی جاری ہے۔

آزادی سیریز دیکھنے کے لیے کرکٹ کے دیوانے بینکوں کی برانچوں کے باہر قطار لگا کر ٹکٹ کے حصول کی کوشش کر رہے ہیں۔

آزادی سیریز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت یکم ستمبر کو شروع ہوئی تھی جو چھ ستمبر تک جاری رہی۔

آن لائن فروخت میں جنرل اسٹینڈ کے 500 روپے والے ٹکٹوں کی بہت مانگ رہی جو اب نایاب ہو گئی ہیں۔

لاہور میں مین بلیوارڈ گلبرگ پر واقع بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس کے منیجر علی آغا نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ٹکٹوں کی فروخت میں تھرڈ پارٹی کے طور پر اپنی خدمات دے رہے ہیں۔

علی آغا کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بینک آف پنجاب کے مرکزی دفتر کو آزادی سیریز کی مختلف کٹیگریز کی 15 ہزار سے زائد ٹکٹیں بھجوائی ہیں۔

ان میں 2500 روپے، 4000 روپے، 6000 ہزار اور 8000 ہزار روپے مالیت کے ٹکٹ ہیں جو شہر لاہور میں بینک کی 12 برانچوں کو بھجوا دیے گئے ہیں جہاں سے انہیں کوئی بھی خرید سکتا ہے۔

ٹکٹ خریدنے کے لیے شائقین جمعرات اور جمعے کو دونوں دن دھوپ اور گرمی میں صبح سویرے ہی بینکوں کے باہر جمع ہونا شروع ہو گئے تھے۔

کرکٹ کے دیوانواں کی اکثریت 500 روپے والے ٹکٹ خریدنا چاہتی ہے کیوں کہ کئی شائقین کا کہنا ہے کہ وہ مہنگا ٹکٹ نہیں خرید سکتے۔

صوبہ پنجاب کے وسطی شہر ساہیوال سے آئے شہری محمد ریاض نے وائس آف امریکہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ 170 کلومیٹر کا سفر طے کر کے صرف آزادی کپ میچ کا ٹکٹ خریدنے لاہور آئے ہیں اور صبح سے قطار میں کھڑے ہیں۔

محمد ریاض نے کہا کہ ان کی خواہش تھی کہ وہ 500 روپے والا ٹکٹ خریدیں لیکن وہ دستیاب نہیں جس پر انہوں نے اپنے شوق کی خاطر 2500 روپے والا ٹکٹ خرید لیا ہے۔

صوبہ پنجاب ہی کے ایک اور شہر چکوال سے آئے شہری طفیل خان نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ وہ ميچ تو ہر حال ميں ديکھنا چاہتا ہے اور یہی ٹھان کر اپنے شہر سے لاہور آئے ہیں کہ ٹکٹ لیے بغیر واپس نہیں جائیں گے۔

طفیل خان نے کہا کہ وہ دنيا کو يہ بتانا چاہتے ہيں کہ پاکستانی کرکٹ سے پيار کرنے والے لوگ ہيں جنہیں دہشت گرد ڈرا نہيں سکتے۔

جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا تھا کہ ٹکٹوں کی فروخت میں کچھ مسائل ہیں لیکن ان کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ٹکٹیں ملیں۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ شائقین کی بڑی تعداد ورلڈ الیون کے میچز دیکھنا چاہتی ہے اور ان کی پوری کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کو یہ موقع فراہم کیا جائے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔