پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سیمی فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کے بعد ٹیم کا مورال بلند کرنے کے لیے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کو لیکچر دیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کپتان بابر اعظم اور کوچز کی جانب سے کھلاڑیوں کو دیے گئے لیکچر کی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بابر اعظم کھلاڑیوں کو کہتے ہیں کہ آسٹریلیا کے خلاف جو غلطیاں ہوئیں وہ سب کو معلوم ہیں لیکن ان غلطیوں سے تمام کھلاڑیوں کو سیکھنا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ بطور ٹیم ہم نے اچھا نہیں کھیلا، شکست سے سیکھیں گے لیکن اس پر کوئی کھلاڑی تبصرہ نہ کرے اور کسی پر انگلیاں نہ اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کو بہت مشکل سے متحد کیا ہے کوشش کرنا ہے کہ یہ اتحاد برقرار رہے۔
بابر نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایونٹ کے ہر میچ میں ہر کھلاڑی نے ذمے داری کا مظاہرہ کیا۔ کوشش ہمارے ہاتھ میں تھی لیکن نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں۔
ان کے بقول تمام کھلاڑیوں کو شکست کا دکھ ہے لیکن کھلاڑیوں کو اپنے حوصلے پست کرنے کی ضرورت نہیں۔ سوچیں کہ ہم کہاں غلط تھے اور کہاں اچھا کر سکتے تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہی تھی اس نے سپر 12 مرحلے میں اپنے پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کی تھی۔
جمعرات کو آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں گرین شرٹس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چار وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنائے لیکن بابر الیون اپنے ہدف کا دفاع کرنے میں ناکام رہی۔
آسٹریلیا سے شکست کے بعد گرین شرٹس ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں اور 14 نومبر کو ایونٹ کے فائنل میں کینگروز کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہو گا۔
SEE ALSO: پاکستان کو شکست دے کر آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیاآسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کا ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں آسٹریلیا سے ہارنے کا تسلسل بھی برقرار رہا۔
سن 1987 کے عالمی مقابلے کے بعد 1999 کے ورلڈ کپ فائنل، 2010 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور پھر 2015 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کوارٹر فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
آسٹریلیا کے سابق بلے باز اور پاکستان ٹیم کے موجودہ بیٹنگ کوچ میتھیو ہیڈن نے گرین شرٹس کی ناکامی پر کھلاڑیوں کو حوصلہ دیا۔
ہیڈن نے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور مڈل آرڈر بیٹر شعیب ملک کی تعریف کی اور کہا کہ سب نے غیر معمولی کرکٹ کھیلی۔ اجتماعی طور پر تمام کھلاڑیوں نے زبردست کھیل پیش کیا اس لیے مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
بالنگ کوچ ورنن فلینڈر نے کہا کہ شکست کا سب کو دکھ ہے لیکن بہترین چیز یہ ہے کہ ایونٹ میں ٹیم نے بہت اچھا پرفارم کیا اور ہم اپنی غلطیوں سے سیکھ سکتے ہیں۔