سعودی عرب میں رونالڈو اور میسی کے میچ کا خاص ٹکٹ ایک کروڑ ریال میں نیلام

فائل فوٹو

ایک سعودی کارباری شخص نے سعودی عرب میں رونالڈو اور میسی کی ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کا ٹکٹ ایک کروڑ ریال میں خریدا ہے۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق سعودی حکومت کے انٹرٹینمنٹ سے متعلق محکمے نے سوشل میڈیا پر اعلان کیا ہے کہ ایک رئیل اسٹیٹ گروپ کے جنرل مینیجر مشرف الغامدی نے نیلامی میں یہ ٹکٹ اپنے نام کیا ہے۔

اس ٹکٹ کو ’تصور سے بڑھ کر‘ کا نام دیا گیا تھا۔

ٹکٹ کے حوالے سے انتظامیہ نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ جو بھی نیلامی میں یہ ٹکٹ حاصل کرے گا اس کو میچ سے قبل افتتاحی تقریب میں شرکت کا موقع دیا جائے گاجب کہ اس دوران وہ اعلیٰ شخصیات کے ہمراہ براجمان ہو سکے گا۔

ٹکٹ کے خریدار کے پاس مشہور کھلاڑیوں رونالڈو، میسی، نیمار اور ایمباپے سے ملاقات کا موقع ہوگا جب کہ وہ کھلاڑیوں کے لاکرز روم تک رسائی حاصل کر سکے گا۔

اس کے علاوہ میچ کے بعد ٹکٹ کا خریدار فاتح ٹیم کے ساتھ تصویر میں بھی موجود ہوگا۔

ریاض میں جمعرات کو فرانس کی پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) فٹ بال کلب کی ٹیم ہو گی جب کہ دوسری جانب ان کا مقابلہ سعودی عرب کے النصر اور الہلال فٹ بال کلبوں کے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم سے ہوگا۔

میسی، نیمار اور ایمباپے سمیت کئی اسٹارز پیریس سینٹ جرمین کا حصہ ہیں جب کہ رونالڈو حال ہی میں سعودی کلب النصر کا حصہ بنے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق اس نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم کو فلاحی کاموں پر خرچ کیا جائے گا۔


واضح رہے کہ پرتگال کے اسٹار فٹ بالر رونالڈو نے گزشتہ سال کے آخر میں انگلش کلب مانچسٹر یونائیٹڈ سے علیحدگی اختیار کی تھی اور فٹ بال ورلڈ کپ کے بعد سعودی عرب کے النصر فٹ بال کلب کو ریکارڈ معاہدے کے بعد جوائن کیا تھا۔

سن 2025 تک رونالڈو اس کلب کی نمائندگی کریں گے اور ساتھ ہی ساتھ فٹ بال کی عالمی تنظیم کے آگے سعودی عرب کا کیس بھی رکھیں گے جو 2030 میں فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس میچ میں لوگوں کی دلچسپی کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ اس میں فٹ بال کے مشہور ترین کھلاڑی شریک ہوں گے تو دوسری جانب سعودی کلبوں کے سامنے میسی کی ٹیم ہو گی۔

میسی ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم ارجنٹائن کے کپتان ہیں جب کہ فٹ بال ورلڈ کپ میں سعودی عرب نے ارجنٹائن کو غیر متوقع طور پر شکست دی تھی۔