بلیک فرائیڈے: تعطیلات کے سیزن کی خریداری زوروں پہ

خریداری کا یہ سیزن، ’یوم تشکر‘ کی تعطیل کے بعد ہی شروع ہوجاتا ہے۔ لیکن، ’بلیک فرائیڈے سیلز‘ صرف ایک ہی دِن تک محدود نہیں رہتیں

امریکہ میں باضابطہ طور پر ’ہالیڈے شاپنگ سیزن‘ کا آغاز ہو چکا ہے، جب ’بلیک فرائیڈے‘ سے لاکھوں خریداروں نے اسٹوروں کا رُخ کیا، یا اُنھیں آن لائن خریداری کرتے ہوئے، رعایتی نرخ میسر آئے۔

خریداری کا یہ سیزن، ’یوم تشکر‘ کی تعطیل کے بعد ہی شروع ہوجاتا ہے۔ لیکن، ’بلیک فرائیڈے سیلز‘ صرف ایک ہی دِن تک محدود نہیں رہتیں۔

متعدد اسٹوروں کے دروازے جمعرات کو بھی کھلے رہے، جب کہ ’یوم تشکر‘ منانے والوں نے ابھی دِن کے خوشیاں منانے کا سلسلہ مکمل ہی نہیں کیا تھا۔

’آن لائن‘ فروخت کنندگان، مثلاً ’امیزون‘ نے جمعرات کو ہی ’بلیک فرائیڈے‘ کی رعایتی خریداری کی پیش کش کردی تھی۔

آڑہت کے کاروبار سے متعلق امریکی فیڈریشن نے پیش گوئی کی ہے کہ اِس سال، تعطیلات کے دوران، فروخت میں 4.1 فی صد شرح تک کا اضافہ ہوگا، اور یوں، سالانہ خریداری کے اعداد 617 ارب تک پہنچ جائیں گے۔

سنہ 2011 سے اب تک خریداری میں اضافے کی یہ سب سے بڑی شرح ہے۔

اب ’بلیک فرائیڈے‘ امریکہ تک محدود نہیں رہا۔

اب یہ، برطانیہ کی روایت کا حصہ بھی بنتا جا رہا ہے، جہاں جمعے کے دِن، خریداری میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ مجعے کے دِن، لوگوں کے بے قابو ہجوم اور خریداروں کے تنازعات سے نمٹنے کے لیے، ملک بھر کے اسٹوروں پر برطانوی پولیس کی اضافی نفری بلانی پڑی۔
’امیزون‘ کی ہی بدولت، سنہ 2010میں برطانیہ کے صارفین میں ’بلیک فرائیڈے‘ متعارف ہوا۔

امریکہ میں بھی ’بلیک فرائیڈے‘ کی خریداری کو پُرامن رکھنے کے لیے، پولیس نے اپنے فرائض انجام دیے۔