امریکی ریاست کیلی فورنیا کے شہر ہن ٹنگٹن پارک میں پولیس نے ایک نیا اہل کار بھرتی کیا ہے جو بغیر سستائے ہفتے کے ساتوں دن 24 گھنٹے گشت کرتا ہے۔ یہ روبوکوب ہے جو نہ صرف چپے چپے کی خبر رکھتا ہے بلکہ ارد گرد علاقے کی مسلسل ویڈیو بھی بناتا رہتا ہے۔
شہر کے پولیس چیف کوزمے لوزانو کا کہنا ہے کہ روبوکوب پر نصب کیمرہ دن کے اجالے کے ساتھ ساتھ رات کی تاریکی میں بھی چاروں طرف کی ویڈیو بناتا رہتا ہے اور اس ویڈیو کی کنٹرول روم میں مسلسل نگرانی کی جاتی ہے۔
علاقے کی کسی شہری کو اگر پولیس کی مدد درکار ہوتی ہے تو وہ روبوکوب پر موجود ایک بٹن کو دباتا ہے جس سے اُس کا براہ راست رابطہ پولیس کنٹرول سے ہو جاتا ہے اور پولیس فوراً مدد کو پہنچ جاتی ہے۔
پولیس چیف کوزمے لوزانو کا کہنا ہے کہ گشت کرتے ہوئے روبوکوب مسلسل خود کو چارج بھی کرتا رہتا ہے۔ اسے باآسانی پروگرام کیا جا سکتا ہے۔ اس کی دیکھ بھال پر سالانہ 75 ہزار ڈالر کا خرچہ آتا ہے۔
روبوکوب کو گشت کے لئے پروگرام کیا جاتا ہے اور گشت کے دوران اگر کوئی شخص اس کے بہت زیادہ قریب آ جاتا ہے تو یہ رک کر اسے ’’صبح بخیر‘‘ کہنا ہے۔
روبوکوب علاقے سے گزرنے والی تمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں کو ریکارڈ کرتا ہے اور پھر آن لائن دستیاب گاڑیوں کے نمبروں کے ڈیٹا بیس سے تصدیق کر کے یہ معلوم کرتا ہے کہ کہیں یہ گاڑی چوری کی تو نہیں ہے۔
روبوکوب گم ہو جانے والے آئی فون کو تلاش کرنے میں بھی مدد کرتا ہے کیونکہ اس کے نظام میں سمارٹ فون کا میک ایڈریس موجود ہوتا ہے۔
یوں روبوکوب کے گشت کے علاقے میں کوئی بھی غلط کام ہوتا ہے تو پولیس کو اس کی اطلاع ہو جاتی ہے اور وہ فوراً جائے واردات پر پہنچ جاتی ہے۔
شہر کی میئر کرینا میچیاس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایسا روبوٹ ایک کانفرنس میں دیکھا تھا اور اس وقت ان کےذہن میں آیا کہ ایسے ایک روبوٹ کو پروگرام کر کے اس سے علاقے کی گشت کا کام لیا جا سکتا ہے کیونکہ یہاں سیکورٹی کے حوالے سے کچھ مسائل سامنے آتے رہے ہیں۔ اُن کا کہنا ہے کہ روبوکوب کے ذریعے پولیس اس علاقے کے ہر کونے کی 24 گھنٹے نگرانی کر سکتی ہے۔
روبوٹ کا یہ ماڈل K5 کہلاتا ہے اور یہ اسپتالوں، گاڑیاں پارک کرنے والے علاقوں، پارکوں اور ہوائی اڈوں کی سیکورٹی کے لئے بہترین خدمات انجام دے سکتا ہے۔