شام میں اسپتال کے ذرائع اور امدادی کارکنوں نے کہا ہے کہ ترک سرحد کے قریب ایک قصبے میں ایک کار بم دھماکے میں کم از کم 40 لوگ ہلاک ہو گئے۔
کئی دوسرے میڈیا ذرائع میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 تک بتائی جا رہی ہے۔
برطانیہ میں قائم آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ دھماکہ ہفتے کے روز باغیوں کےزیر قبضہ ایک قصبے اعزاز کے ایک مصروف بازار میں ہوا جو امکانی طور پر کسی پانی کے ٹینکر یا تیل کے ٹینکر کے پھٹنے سے ہوا ۔
آبزرویٹری نے کہا ہے کہ ہلاک ہونےوالوں میں حزب اختلاف کے چھ جنگجو بھی شامل تھے۔
عہدے داروں نے کہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
کسی گروپ نے فوری طور پر اس دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔
یہ دھماکہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب ملک کے زیادہ تر حصوں میں فائر بندی نافذہے لیکن اس کی متعدد بار خلاف ورزیاں ہو چکی ہیں۔ اس دھماکے سے قبل ، اس ہفتے کے شروع میں سرکاری کنٹرول کے جبلہ نامی قصبے میں ایک کار بم دھماکے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
اعزاز صوبے حلب میں واقع ہے ۔