بیجنگ نے امریکی وزرِات دفاع کی جانب سے مشتبہ چینی جاسوس غبارے کو مار گرانے پر تنقید کرتے ہوئے واشنگٹن پر ''واضح طور پر حد سے زیادہ ردِ عمل اور بین الاقوامی روایات کی سنگین خلاف ورزی '' کا الزام لگایا ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق چین کی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیجنگ، امریکہ کی طرف سے موسمیاتی تحقیق کے غبارے پر حملہ کرنے کے لیے طاقت کے استعمال کے خلاف سخت احتجاج کا اظہار کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چین مزید ضروری ردِ عمل دینے کا حق محفوظ رکھے گا۔
دوسری طرف پینٹا گان کا کہنا ہے کہ چینی جاسوسی غبارے کو ہفتے کو بذریعہ ایف 22 جیٹ سے داغے گئے میزائل سے مار گرائے جانے سے قبل غبارے نے شمالی امریکہ پر پرواز کرتے ہوئے کئی دن گزارے جس کی وجہ سے واشنگٹن ڈی سی اور بیجنگ کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہوا۔
امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے اس کارروائی کو دانستہ اور قانونی قرار دیا جو چین کی طرف سے امریکی خود مختاری کی ناقابلِ قبول خلاف ورزی کے ردِ عمل میں کیا گیا۔
اس سے قبل امریکی حکام نے جمعرات کو کہا تھا کہ وہ امریکی آسمان پر ایک بڑے چینی جاسوسی کرنے والے غبارے کا سراغ لگا رہے ہیں۔
اس مشتبہ جاسوسی غبارے کے سبب امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے جمعے کو بیجنگ کا ایک غیر معمولی دورہ منسوخ کر دیا تھا جو امریکہ اور چین کے درمیان بڑھتی کشیدگی پر قابو پانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔
بیجنگ نے ابتدائی طور پر ہچکچاتے ہوئے مشتبہ غبارے کی ملکیت کا اعتراف کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ موسم کی پیش گوئی کرنے والا غبارہ تھا۔
SEE ALSO: امریکی فضائی حدود میں چینی غبارے کی پرواز، وزیرخارجہ بلنکن کا چین کا دورہ ملتویچینی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہنا ہے کہ اس نے واضح طور پر درخواست کی ہے کہ امریکہ اس معاملے کو پر سکون اور پیشہ وارانہ انداز سے نمٹائے۔
بیجنگ کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ نے اس معاملے میں طاقت کا استعمال کرتے ہوئے زیادہ ردِ عمل ظاہر کیا اور بین الاقوامی روایات کی سنگین خلاف ورزی کی۔
بیان کے مطابق چین متعلقہ اداروں کے جائز حقوق اور مفادات کا تحفظ یقینی بنائے گا اور مزید درکار رد عمل دینے کا حق محفوظ رکھے گا۔
دوسری جانب پینٹاگون کے پریس سیکریٹری بریگیڈیئر جنرل پیٹرک رائیڈر نے گزشتہ دنوں اس معاملے پر ایک مختصر بیان میں کہا تھا کہ غبارے کی تلاش جاری ہے۔ یہ غبارہ فی الحال تجارتی ہوائی ٹریفک سے بہت زیادہ اونچائی پر سفر کر رہا ہے اور اس سے زمین پر موجود لوگوں کو فوجی یا جسمانی خطرہ درپیش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں کہ 'جاسوس غبارہ 'حساس معلومات جمع نہ کرسکے۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ نے متعدد چینلز کے ذریعے چینی حکام سے رابطہ کیا ہے اور انہیں معاملے کی سنگینی سے آگاہ کیا ہے۔