امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن پیر کو ایتھوپیا کے دورہ کررہی ہیں جہاں وہ خارجہ پالیسی سے متعلق خطاب کے علاوہ وزیر اعظم ملیس زیناوی سے ملاقات بھی کریں گی۔ افریقہ کے دورے میں یہ ان کا آخری پڑاؤ ہے۔
توقع ہے کہ مس کلنٹن اس موقع پر دارالحکومت عدیس ابابا کے ایک اسکول کا دورہ بھی کریں گی جہاں وہ لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت پر اظہار خیال کریں گی۔ ایتھوپیا کی خاتون اول اور وزیرتعلیم بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔
امریکی وزیرخارجہ ایتھوپیا کے امن کور کے صدر دفتر میں ہونے والی ایک تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔ اس تقریب کا مقصد ترقی پذیر ملکوں کے امور خانہ داری میں ”صاف چولہوں“ کے استعمال سے ایندھن کی بچت اور چولہوں کے دھوئیں سے محفوظ رہنے کی کوشش کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
ایتھوپیا کی خواتین کی صحت سے متعلق حکومت کے ساتھ امریکی تعاون پر اظہار خیال کے لیے مس کلنٹن ایک ہسپتال کا دورہ بھی کریں گی۔
ہلری کلنٹن کا دورہ افریقہ منگل کو ختم ہورہا ہے۔