یوم عاشور: مختلف ملکوں کی ثقافتی روایات کا مظہر

ایران میں ایک خاتون واقعہ کربلا میں جان دینے والوں کے لئے دعا کر رہی ہیں، فوٹو رائٹرز

وسطی ایران کے شہر نوش آباد میں، ایرانی عقیدت مند سال میں ایک مرتبہ عاشورہ سے دو دن قبل 'کاروان' کے نام سے سڑکوں پر مارچ کرتے ہیں۔ مرد جنگجو لباس پہنتے ہیں اور بچے مافوق الفطرت مخلوقات کی تصویر کشی کرتے ہیں۔

عاشورہ اسلامی ہجری سال کے اولین مہینے محرم کے دسویں روز منایا جاتا ہے۔ ساتویں صدی عیسوی میں ، عراق میں ،کربلا کے مقام پر ، پیغمبر اسلام کے نواسے امام حسین نے حاکم وقت کی فوج کے مقابلے میں اپنے اہلخانہ کے ساتھ جان کی قربانی دی تھی۔ یہ دن مسلمانوں کے لئے بہت مقدس سمجھا جاتا ہے ۔ شیعہ مسلمان یوم عاشور کو ، یوم سوگ کے طور پر مناتے ہیں اور مختلف طریقوں سے اپنے غم کا اظہار کرتے ہیں۔

اس سال بھی بدھ کے روز، ایران کے شہر نوش آباد میں عزہ داروں نے اس روایت کو برقرار رکھا جو ان کے شہر نے ایک صدی سے زیادہ عرصے سے جاری رکھی ہے، وہ رنگین کڑھائی والے ملبوسات پہنے ہوئے تھے جو امام حسین کے وقت پہنے جانے والے عرب لباس کی عکاسی کرتے ہیں۔

پاکستان میں عزاداروں کا اجتماع۔ فوٹو اے پی 9 اگست 2023

کچھ گھڑسوارخنجروں اور تلواروں سے آراستہ تھے ، کچھ بچے اپنے چہروں پر سیاہ یا سرخ رنگ لگائے ہوئے تھے۔ کچھ نے سفیداور گلابی بڑے بڑے پر لگارکھے تھے ،جو جنّوں اور فرشتوں کی علامت ہے۔

52 سالہ محمد مشہدی نوش آبادی کا کہنا تھا کہ روایات یہ کہتی ہیں کہ انبیاء، فرشتے اور جنات امام حسین کی مدد کے لیے آئے تھے، لیکن ا نہوں نے ان کی مدد لینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میدانِ جنگ میں جان دینا ان کا مقدر ہے۔

مشہدی نے کہا کہ ان رسومات کی جڑیں قدیم فارس تک جاتی ہیں۔

دنیا بھر کے شیعہ مسلمان امام حسین کے جان قربان کرنے کو ناانصافی کے خلاف جدوجہد کی علامت کے طور پر دیکھتے ہیں۔

ایک عراقی عزادار، فو ٹو اے پی 8 اگست 2022

ایران کے شہر کاشان میں یونیورسٹی آف کاشان میں اسلامی فلسفے کے پروفیسر مہدی مسلم نے کہا کہ نوش آباد میں، کارواں، پریڈ اور تعزیے، رسموں کو زندہ رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔

ان کا بقول، آنے والی نسلیں ان رسومات اور کرداروں سے سیکھتی ہیں جو اسلامی تاریخ کا اہم حصہ ہیں۔

عراق کے شہرکربلا میں اس سلسلے کا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے ۔ دنیا بھر سےعزادار جمع ہوتے ہیں۔

عراق کے کچھ شہروں میں بھی لوگ ،ان کرداروں کا روپ دھار کر جلوس نکالتے ہیں ،جو کربلا کی جنگ میں شریک تھے۔وہ بڑے بڑے جنگی لباس اور زرہ بکتر پہنے ،ہاتھوں میں تلواریں لئے ،طبل جنگ بجاتے ،ایک جنگ کا منظر پیش کرتے ہیں۔

عراق میں ایک لڑکا جنگی لباس میں۔ فوٹو اے ایف پی 27 جولائی 2023

ترکی میں خواتین ۔ہاتھوں پر سرخ رنگ ملے جلوس نکالتی ہیں ،جو کربلا میں بہنے والے خون کی علامت ہوتا ہے۔

لبنان میں خواتین ،سیاہ لباس ،اور سرخ اور پیلے سکارف پہنے ،جلوس کی شکل میں نکلتی ہیں۔

SEE ALSO: امریکہ کے مختلف شہروں میں محرم کے جلوس

پاکستان سمیت مختلف ملکوں میں عاشورہ محرم مذہبی کے ساتھ ساتھ ثقافتی روایات کا مظہر بھی ہوتا ہے۔

(خبر کا کچھ مواد اے ایف پی سے لیا گیا ہے)