پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کے خلاف سیمی فائنل میچ کو’ فائنل‘ سمجھ کر کھیلنے کے تمام کھلاڑی پوری طرح تیار ہیں اور ٹیم پاکستانی عوام کو مایوس نہیں کرے گی۔
پاکستان کے نجی ٹی وی چینل ’جیو سوپر‘کے ساتھ موہالی سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کسی ایک کھلاڑی کی کارکردگی پر انحصار نہیں کررہی اور اس میچ کے لیے تمام لڑکوں نے بھرپور تیار ی کی ہے اور اس مجموعی کارکردگی کے اچھے نتائج برآمد ہوں گے۔
ورلڈ کپ کے بعد کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے پاکستانی فاسٹ باؤلر شعیب اخترکو سیمی فائنل میں کھیلائے جانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور شعیب اختر کی فٹنس دیکھتے ہوئے ٹیم میں ان کی شمولیت کا فیصلہ کیا جائے گا۔” میرے خیال میں ضرورت ہے کہ شعیب کو کھیلنا چاہیے لیکن ساری چیزوں کو مدنظر رکھنا پڑیں گی۔شعیب اختر ہمیں پانچ اوورز کے لیے نہیں چاہیے، ہم چاہتے ہیں کہ شعیب دس اوورز کرائے اور تگڑے طریقے سے کرائے“۔
حالیہ دنوں میں بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر کو رنز نہ بنانے دینے کے اپنے بیان کا دفاع کرتے ہوئے کپتان آفریدی نے کہا کہ بلاشبہ ٹنڈولکر ایک عظیم کھلاڑی ہیں ”لیکن مجھ سے اگر کوئی پوچھے گا تو میں یہ تویہی کہوں گا کہ وہ آؤٹ ہو اور رنز نہ بنائے“۔
شاہد آفریدی نے بتایا کہ موہالی کرکٹ گراؤنڈ میں اوس کافی پڑ رہی ہے اور یہ میچ کا رخ بدلنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔انھوں نے کہا کہ گراؤنڈ کا عملہ گھاس پر کیماوی اسپرے کررہا ہے جس سے اوس پر فرق پڑے گا۔”آج شام کو پریکٹس سیشن کے بعد معلوم ہوگا کہ اوس کتنا پرابلم کرے گی۔