ویب ڈیسک —
جے پی مورگن نے کہا ہے کہ برطانوی ریٹیل بینک چیس 16 اکتوبر سے دھوکہ دہی اور فراڈ میں اضافے کی وجہ سے صارفین کے کرپٹو کے ذریعے لین دین پر پابندی لگا دے گا۔
اس بیان میں بینک کے ترجمان نے کہا "ہم نے برطانیہ کے صارفین کو نشانہ بنانے والے کرپٹو فراڈ کی تعداد میں اضافہ دیکھا ہے، اس لیے ہم نے چیس ڈیبٹ کارڈ پر کرپٹو اثاثوں کی خریداری یا چیس اکاؤنٹ سے کرپٹو سائٹ پر رقم کی منتقلی کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مجرموں کے ذریعے چلائے جانے والے آن لائن فراڈ میں اس کے استعمال پر طویل عرصے سے جاری خدشات کے پیش نظر چیس برطانیہ میں کرپٹو تک صارفین کی رسائی کو محدود کرنے والا تازہ ترین بینک بن گیا ہے۔
جے پی مورگن نے دو سال قبل برطانیہ میں موبائل ایپ پر مبنی سروس شروع کرنے کے بعد سے اپنے چیس ریٹیل بینک کی طرف 1.6 ملین سے زیادہ صارفین کو راغب کیا ہے، اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کا منصوبہ ہے کہ دیگر بین الاقوامی منڈیوں میں بھی بینک قائم کیے جائیں ۔
بینک نے تصدیق کی کہ چیس نے ای میل کے ذریعے صارفین کو اپنی اس پالیسی میں تبدیلی سے آگاہ کر دیا ہے۔ کرپٹو سے متعلق میڈیا آؤٹ لیٹ Coindesk نے منگل کو اس اقدام کی اطلاع دی۔
مارچ میں نیٹ ویسٹ کمپنی نے صارفین کو "کرپٹو مجرموں" سے بچانے کے لیے کرپٹو ایکس چینجز کو بھیجی جانے والی روزانہ اور ماہانہ رقم پر نئی حدیں عائد کی تھیں۔
اسپین کے سینٹینڈر نے گزشتہ سال کہا تھا کہ وہ برطانیہ کے صارفین کو کرپٹو ایکس چینجز کو بروقت ادائیگیاں بھیجنے سے روک دے گا تاکہ صارفین کو فراڈ سے بچایا جا سکے۔