لاہور ٹیسٹ: پاکستان کی پوری ٹیم 268 پر ڈھیر، آسٹریلیا کو 123 رنز کی برتری

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک کی خطرناک بالنگ کے باعث پاکستان کی پوری ٹیم لاہور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح آسٹریلیا کو پہلی اننگز میں پاکستان کے خلاف 123 رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے 56 رنز دے کر پانچ جب کہ مچل اسٹارک نے 33 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔

بدھ کو کھیل کے تیسرے روز اظہر علی اور عبداللہ شفیق نے 90 رنز ایک وکٹ کے نقصان سے اپنی پہلی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی تو شفیق 45 اور اظہر 30 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔

دونوں بلے بازوں نے آسٹریلوی پیسرز اور اسپن اٹیک کے خلاف محتاط انداز اپنایا اور ٹیم کا مجموعی اسکور آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔

البتہ چائے کے وقفے کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 268 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی سات وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض گریں۔

پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق نے 81، اظہر علی نے 78، بابر اعظم نے 67، امام الحق 11 اور فواد عالم نے 13 رنز بنائے۔

اس سے قبل آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں391 رنز بنا سکی تھی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار چار وکٹیں حاصل کی تھیں۔

پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا یہ آخری میچ ہے، اس سے قبل راولپنڈی اور کراچی میں کھیلے گئے میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گئے تھے۔