پٹرول کی جھنجھٹ سے آزاد نئی کار

پٹرول کی جھنجھٹ سے آزاد نئی کار

اب آپ کوپٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ سائنس دانوں نے تیار کرلی ہے ایک ایسی کار جو سوفی صد بجلی پر چلتی ہے۔ اور جس کی بیٹری کو آپ اپنے گھر میں ری چارج کرسکتے ہیں۔ یہ گاڑی آپ کو صرف پٹرول سے ہی نجات نہیں دلاتی بلکہ دھوئیں اوران کاربن گیسوں کی فکر سے بھی آزاد کردیتی ہے جن کی وجہ سے آب و ہوا میں رونما ہونے والی تبدیلیوں نے سائنس دانوں کو پریشان کررکھا ہے۔

جنوری میں کانگریس سے اپنے اسٹیٹ آف دی یونین اورعوام سے اپنے خطاب میں صدر براک اوباما نے امریکی موٹر ساز صنعت کو بجلی سے چلنے والی کاریں تیار کرنے پر زور دیاتھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ مزید ریسرچ اور ترغیبات سے بائیو فیولز کے تیل پر انحصار ختم کر نے میں مدد مل سکتی ہے اور 2015 تک امریکہ ایسا پہلا ملک بن سکتاہے جہاں دس لاکھ الیکٹرک کاریں سڑک پر ہوں گی ۔

اس پیغام کی بازگشت در الحکومت میں حال ہی میں منعقد ہونے والے واشنگٹن آٹو شو میں سنائی دی۔ وہاں نمائش کے لیے پیش کی جانے والی کئی ملکی اورغیرملکی کاروں میں فورڈ فوکس بیٹری الیکٹرک کمپنی کی تیار کردہ کار سمیت جسے خاص طور پر سراہا گیا ، متعدد ماحول دوست کاریں شامل تھیں ۔

http://www.youtube.com/embed/Sx8plL0mx8k

گرین کار جرنل کے ایڈیٹر ران کوگن اپنی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ، فوکس ، کی از سر نو ڈیزائننگ پر امریکی کار ساز کمپنی کی تعریف کر رہے ہیں جس نے پٹرول سے چلنے والی فوکس کاروں کو الیکٹرک ماڈل میں تبدیل کر دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ نمبر ون ٹکنالوجی ہے ،یہ تین سے چار گھنٹے میں چارج ہو جاتی ہے جو مقابلے میں موجود کاروں کی نسبت چارج کا سب سے کم دورانیہ ہے۔

آٹو شو میں ایک اورکار جسے سب سے زیادہ سراہا گیا ، مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی 2011 Chevy Volt تھی ، جس کا تصور جنرل موٹرز نے 2007 میں پیش کیاتھا۔ جنرل موٹرز کو امید ہے کہ وہ اس سال دس ہزار اور2012 میں 45000 مزید Chevy Volt کاریں سڑک پر لے آئے گی ۔

کوگن کا کہنا ہے کہ اس کار میں صحیح معنوں میں بجلی سے چلنے والی موٹر کار کی خوبیاں موجود ہیں ، جس میں ایک خصوصی برقی آلہ لگا ہوا ہے ہے جو بجلی بھی پیدا کرتا ہے تاکہ آپ بغیر رکے مسلسل ڈرائیونگ کرتے رہیں ۔

اور ریاست میری لینڈ کے شہر پوٹامک کے ایک وکیل جیف پارمٹ جن کا دفتر ان کے گھر ہی میں ہے، یہ تجربہ کر چکے ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ دسمبر میں وولٹ خریدنے کے بعد سے اب تک انہوں نے اس میں ایک قطرہ پٹرول بھی نہیں ڈالا۔

وہ کہتے ہیں کہ اب بھی بہت سے ایسے لوگ ہیں جنہیں یہ پتہ ہی نہیں ہے کہ الیکٹرک کار اصل میں ہے کیا یا اسےرکھنے کا تجربہ کیسا ہوتا ہے ۔ اس کار کو چلانے کا واقعی اپنا ہی مزہ ہے اور اسے خرید کر آپ کو پٹرول خریدے بغیر گاڑی چلانے کا موقع ملتا ہے جو میرا اصل مقصد ہے۔

جیف کار کی الیکٹرک بیٹری کو اپنے گیراج میں موجود ایک خصوصی پاور ایڈاپٹر کے ذریعے چارج کرتے ہیں ۔ والٹ ایک مرتبہ چارج ہوجانے کے بعد تقریباً 65 کلومیٹر کی مسافت طے کرتی ہے ۔جب بیٹری کمزور ہونے لگتی ہے تو گاڑی میں موجود گیسولین جنریٹر اسے دوبارہ چارج کرنا شروع کر دیتا ہے اور اس کی مدد سے کار 480 کلومیٹرز کا فاصلہ طے کرسکتی ہے ۔ جیف کہتے ہیں کہ یہ حد ان کی ضرورت سے زیادہ ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ یہ انجنیئرنگ کا ایک شاندار نمونہ ہے ۔ اور یہ واقعی ایک پرفارمینس کار ہے ۔ یہ واقعی بہت تیزی سے رفتار پکڑتی ہے۔ اس پر آپ بہتر کنٹرول کر سکتے ہیں ، یہ موڑکاٹنے میں بہت اچھی ہے ۔ اتنی شاندار کار بنانے میں Chevy کو مبارک باد پیش کرتاہوں ۔ میں اس کار سے بہت خوش ہوں ۔

وولٹ چلتے ہوئے انتہائی بے آواز کارہے ۔ موسم سرما کے اس سر د دن ، باہر صرف ہوا کا شور سنائی دیتاہے ۔ جیف وولٹ کے ہائی ٹیک انسٹرومنٹ پینل کو دیکھتے ہیں ، جس میں پیچھے کا منظر دکھانے کا ایک کیمرہ ، نیویگیٹر سسٹم اور ایک ایسی اسکرین شامل ہےجو مسلسل بیٹری کی کارکردگی کے بارے میں بتاتی رہتی ہے۔

جیف اپنی الیکٹرک کار کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ آپ کو دکھاتی ہے کہ بجلی بیٹری سے پہیوں کی طرف جا رہی ہے لیکن جب میں ایکسلریٹر سے اپنا پاٍؤں اٹھاتا ہوں تو یہ دکھاتی ہے کہ توانائی پہیوں سے واپس بیٹری کی طرف آرہی ہے جو ایک خصوصی ٹیکنیک ہے ۔

جیف اپنے گیراج میں واپس جاتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگرچہ وولٹ کی قیمت اتنے ہی سائز کی پٹرول سے چلنے والی کسی کار سے دوگنی ہے لیکن اس کے فائدوں کو دیکھتے ہوئے وہ یہ قیمت بخوشی ادا کرنے پر تیار ہیں۔