پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 میں ناکامیوں کا ریکارڈ بنانے والی کراچی کنگز کی ٹیم کو پہلی فتح مل ہی گئی۔ جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں کنگز نے لاہور قلندرز کو 22 رنز سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پی ایس ایل 7 میں مسلسل آٹھ میچز میں شکست کے بعد فتح سمیٹ لی۔
کنگز کی اس کامیابی پر ٹیم کے ساتھ ساتھ شائقین بھی خوش ہیں اور سوشل میڈیا پر طرح طرح کے دلچسپ تبصرے اور میمز شیئر کر رہے ہیں۔
خود پاکستان سپر لیگ کے سوشل میڈیا پر کراچی کنگز کی جیت کو ایک مختلف انداز میں پیش کیا گیا۔
کسی نے کراچی کنگز کی کامیابی کو ''بریانی کی پلاؤ سے جیت'' قرار دیا تو کسی نے کراچی کنگز کی ایونٹ میں پہلی فتح پر لکھا کہ ''کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے۔''
خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے سیزن 7 میں کراچی کنگز مسلسل آٹھ میچ ہار کر ایونٹ سے پہلے ہی باہر ہو چکی ہے۔
جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کی کامیابی پر صدر کراچی کنگز وسیم اکرم اور کپتان بابر اعظم بھی کافی خوش دکھائی دیے۔
کراچی کنگز کی جانب سے میچ میں کامیابی کے بعد کچھ تصاویر شیئر کی گئیں جس میں کپتان بابر اعظم اور وسیم اکرم خوش گوار انداز میں گراؤنڈز میں موجود ہیں۔
سوشل میڈیا پر کراچی کنگز نے اپنے پیغام میں کہا کہ ''ہم نے کر دکھایا'' یہ جیت ہمارے فینز کے لیے ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بالنگ کوچ وقار یونس نے کراچی کنگز کی کامیابی پر کہا کہ ''کفر ٹوٹا خدا خدا کرکے۔'' ان کے بقول لاہور قلندرز کے خلاف کامیابی میں کنگز کی بہترین منصوبہ بندی اور اس پر عمل درآمد شامل رہا۔
کراچی کنگز کی کامیابی پر اداکار فہد مصطفیٰ نے اپنی ایک مختصر ویڈیو میں کہا کہ ''جی اور کوئی خدمت کراچی والوں کے لیے۔''
ٹوئٹر پر عمران صدیقی نامی صارف نے ایک تصویر شیئر کی جس پر تحریر تھا کہ آج ''یاڑ کا ابے'' سے مقابلہ ہے۔
وجاہت کاظمی نامی صارف نے کراچی کنگز کی لاہور قلندرز کو شکست پر کہا کہ ''بریانی نے پلاؤ کو ہرا دیا''۔ انہوں نے جیت پر کراچی کنگز کو مبارک باد بھی دی۔
سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں نے میمز بھی شیئر کی، ایک ایم کبیر نامی صارف نے اکشے کمار کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ جب آپ کی پہلی جیت ہو اور آپ کا گھر جانے کا وقت ہو گیا ہو۔
سدھو کرکٹ والا نامی ٹوئٹر صارف نے ناقابل شکست ٹیم کو ہرانا اور ایونٹ میں سب سے ہارنے والی ٹیم سے ہار جانا صرف لاہور قلندرز ہی کرسکتی ہے۔
واضح رہے کہ جمعہ کو کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے 19.5 اوورز میں 149 رنز اسکور کیے تھے، جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو کھلاڑیوں کے نقصان پر 127 رنز ہی اسکور کر سکی تھی۔
کراچی کنگز کی جانب سے نوجوان بالر میر حمزہ نے شاندار بالنگ کرتے ہوئے 27 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، انہیں اس کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔