پاکستان نے نیوزی لینڈ کو ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے پہلے میچ میں چھ وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنائے۔پاکستان کے کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان اور اوپننگ بلے باز فخر زمان کی شاندار نصف سینچریوں کی بدولت میزبان ٹیم نے ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 49ویں اوور میں حاصل کیا۔
میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے والے فاسٹ بالر نسیم شاہ کو مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 77 رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے، انہوں نے 117 گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں ایک چھکا اور چار چوکے بھی لگائے۔آغا سلمان نے بھی 13 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔
پاکستان کے اوپننگ بلے باز فخر زمان 56، امام الحق 11، بابر اعظم 66 اور حارث سہیل 32 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔
اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز فن ایلن اور ڈیوڈ کانوے نے کیا۔ میچ کے پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ کی ایک گیند پر کانوے بولڈ ہو گئے۔
دوسری وکٹ پر فن اور کپتان کین ولیمسن نے محتاط انداز اپنایا اور بڑی شراکت داری قائم کرنے کی کوشش کی لیکن کیویز ٹیم کا مجموعی اسکور 37 تک پہنچا تو فن محمد وسیم جونیئر کا شکار بن گئے۔
فن نے چھ چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔
نیوزی لینڈ کی اگلی وکٹ 63 کے مجموعی اسکور پر گری جب کین ولیمسن اسامہ میر کا ہدف بن۔ ے انہوں نے 26 رنز بنائے تھے۔
ڈیرل مچل کو 125 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز نے بولڈ کیا وہ 55 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 36 رنز بنا سکے تھے۔
نیوزی لینڈ کا مجموعی اسکور 32 ویں اوور میں 147 ہوا تو اس کا پانچواں کھلاڑی آوٹ ہوا جب 42 رنز بنانے والے ٹام لیتھم اسامہ میر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد نیوزی لینڈ کی وکٹ 200 رنز کے بعد گری۔ 44 ویں اوور میں گلین فلپس 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے اس کے بعد اگلی وکٹ 220 رنز پر گری جب مچل براسویل 43 بنا کر نسیم شاہ کی گینڈ پر بولڈ ہوئے وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے۔
SEE ALSO: پاکستا نی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈز پر ٹیسٹ میچ کیوں نہیں جیت پارہی؟اگلی ہی گیند پر نسیم شاہ نے ہینری شپلے کو بھی پویلین روانہ کر دیا یوں 220 کے مجموعی اسکور پر نیوزی لینڈ کے آٹھ کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے۔
اننگز کے آخری 50 ویں اوور میں نسیم شاہ کی گیند پر مچل سینٹنر رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہ مہمان ٹیم کے آؤٹ ہونے والے نویں کھلاڑی تھے۔ انہوں نے 21 رنز بنائے تھے یوں 50 اوورز میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 256 رنز کا ہدف دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے 10 اوورز میں 57 رنز دے کر پانچ کھلاڑی آؤٹ کیے۔
اسامہ میر نے دو، محمد وسیم اور محمد نواز نے ایک ایک کھلاڈی کو پویلین روانہ کیا۔