پیرس: افریقی سربراہ اجلاس میں سکیورٹی امور پر غور و خوض

چالس افریقی ممالک کے اجلاس سے خطاب میں، مسٹر ہولاں نے قائدین کو بتایا کہ فرانس افریقی فوجیوں کو امن کار مشنز کی تربیت دے گا
فرانس کےصدر فرانسواں ہولاں نےافریقی سربراہان پر زور دیا ہے کہ خطے میں منڈلاتے ہوئے خطرات سے نبردآزما ہونے کے لیے سلامتی کی ضروریات کی استعداد بڑھائی جائے۔

اُنھوں نے یہ بات جمعے کے روز پیرس میں 40 افریقی ممالک کے راہنماؤں کی دو روزہ سربراہ اجلاس کے آغاز پر اپنے خطاب میں کہی۔

مسٹر ہولاں نے قائدین کو بتایا کہ فرانس افریقی فوجیوں کو امن کار مشنز کی تربیت دے گا۔

اُن کا یہ بیان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے رائے شماری کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے، جس کے ذریعے فرانس کو یہ اجازت دی گئی ہے کہ وہ کشیدگی کے شکار وسط افریقی جمہوریہ میں اپنی افواج کو 1200تک بڑھا سکتا ہے۔

سربراہ اجلاس کے راہنما ہفتے کے دِن وسط افریقی جمہوریہ کے بحران پر ذہن مرکوز رکھیں گے۔

پال میلی ’کیتھم ہاؤس‘ میں افریقی پروگرام سے وابستہ ہیں۔

اُن کا کہنا ہے کہ سربراہ اجلاس میں شریک راہنما افریقی علاقائی تنظیموں کے ساتھ فوجی حکمت عملی اور اسٹریٹجک منصوبہ بندی پر گفتگو کر رہے ہیں۔


تاہم، ’وائس آف امریکہ‘ کے ساتھ ایک انٹرویو میں، اُنھوں نے کہا کہ وہ اجلاس کی نشستوں کے دوران دیگر معاملات پر غور کریں گے۔

مسٹر ہولاں نے سربراہ اجلاس کے آغاز پر جنوبی افریقہ کے سابق صدر، نیلسن منڈیلا کو خراج عقیدت پیش کیا، جن کا جمعرات کو انتقال ہوا۔