پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے بدھ سے برطانیہ کا تین روزہ سرکاری دورہ شروع کیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے ایک مختصر بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف برطانیہ کی اعلیٰ عسکری اور سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔
اس دورے سے متعلق سرکاری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’ضرب عضب‘ کے آغاز کے بعد گزشتہ برس نومبر میں جنرل راحیل شریف نے امریکہ کا دورہ کیا تھا جہاں اُنھوں امریکہ کے اعلیٰ عسکری کمانڈروں کے علاوہ صدر اوباما کی انتظامیہ کے عہدیداروں اور اراکین کانگریس سے ملاقاتوں میں اُنھیں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا تھا۔
توقع ہے کہ اس دورے کے دوران بھی دہشت گردوں کے خلاف ملک بھر میں جاری کارروائیوں سے متعلق وہ برطانوی عہدیداروں کو آگاہ کریں گے۔
پشاور کے ’آرمی پبلک اسکول‘ پر دہشت گردوں کے مہلک حملے کے بعد پاکستان نے شدت پسندوں اور اُن سے ہمدردی رکھنے والوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی شروع کر رکھی ہے۔