گلگت بلتستان میں حالیہ انتخابات میں اکثریت حاصل کرنے والی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے حفیظ الرحمٰن کو علاقائی حکومت کا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا تھا جنہوں نے جمعہ کو اس منصب کا حلف اٹھا لیا۔
گلگت بلتستان کے گورنر برجیس طاہر نے ان سے حلف لیا۔
وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے حفیظ الرحمٰن کو اس منصب کے لیے نامزد کیا گیا اور اُن کی تقریب حلف برداری میں وزیراعظم نے بھی شرکت کرنی تھی لیکن موسم کی خرابی کے باعث وہ وہاں نا جا سکے۔
اتنخابات میں مسلم لیگ (ن) کو 24 میں سے 14 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔
گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی 33 اراکین پر مشتمل ہے جس میں 24 اُمیدواروں کا انتخاب براہ راست ووٹنگ کے ذریعے کیا جاتا ہے جب کہ چھ نشستیں خواتین اور تین ٹیکنوکریٹس کے لیے مختص ہیں۔
حفیظ الرحمٰن گلگت بلتستان میں مسلم لیگ (ن) کے صدر بھی ہیں، اطلاعات کے مطابق علاقائی کابینہ کا اعلان آئند چند دن میں متوقع ہے۔
اس سے قبل حاجی فدا محمد نوشاد اور جعفراللہ خان کو بلامقابلہ گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کا اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا گیا۔