گوگل نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت میں انٹرنیٹ کو مزید سستا اور کارآمد بنانے کے سلسلے میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ بھارت میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں تعداد کروڑوں میں ہے۔
گوگل کی پیرنٹ کمپنی 'الفابیٹ' کے چیف ایگزیکٹو افسر سندر پچائے نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس سے ہمارے اس اعتماد کی عکاسی ہوتی ہے کہ بھارت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا مستقبل تابناک ہے۔
یہ رقم 'نیو انڈیا ڈیجیٹائزیشن فنڈ' کے ذریعے اگلے پانچ سے سات سال کے دوران خرچ کی جائے گی۔ یہ فنڈ بھارت کی ٹیکنالوجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کرے گا۔
پچائے کا کہنا ہے کہ ہم ملی جلی سرمایہ کاری کریں گے، جس میں دوسرے بھی شراکت کر سکتے ہیں۔ اور اس میں آپریشنل انفراسٹرکچر اور ماحولیاتی شعبے شامل ہوں گے۔
گوگل کی جانب سے بھارت میں یہ سب سے بڑی سرمایہ کاری ہو گی۔ اس کا مقصد پورے بھارت میں انٹرنیٹ تک رسائی کو بڑھانا ہے۔ اس منصوبے کے تحت ایپس کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور نئے سافٹ ویئرز کو متعارف کرایا جائے گا۔
گوگل کا منصوبہ ہے کہ انگریزی کے علاوہ بھارت کی علاقائی زبانوں میں بھی انٹرنیٹ کی سہولت پہنچائی جائے۔
گوگل کو امید ہے کہ اس کی اس سرمایہ کاری سے بھارت کے عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور انٹرنیٹ کا دائرہ تعلیم، زراعت اور صحت کے شعبوں تک وسیع کیا جائے گا۔
سندر پچائے کے بقول ہم اس سرمایہ کاری کے ذریعے وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بھارتی حکومت کے 'ڈیجیٹل انڈیا' کے خواب کو حقیقت کا روپ دیں گے۔
اُن کے بقول ہمارا اولین مقصد یہ ہے کہ بھارت نہ صرف نئی ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھائے بلکہ اس شعبے میں ایجاد و اختراع کر کے دنیا میں قائدانہ کردار ادا کرے۔