گیانا: طیارے کے حادثے میں 150 مسافر زخمی

گیانا: طیارے کے حادثے میں 150 مسافر زخمی

گیانا میں ایک طیارہ اترتے وقت حادثے کا شکار ہوکر دو ٹکروں میں بٹ گیا ، جس کے نتیجے میں اس پر سوار 150 سے زیادہ مسافر زخمی ہوگئے۔

عہدے داروں کا کہناہے کہ کربین ایئرلائنز کا ایک طیارہ ہفتے کی صبح گیانا کے چیڈی جاگن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بارش کے دوران اترتے وقت حادثے کاشکار ہوگیا۔ رپورٹ کے مطابق بوئنگ 737 طیارہ پھسل کر رن وے سے اتر گیا۔

گیانا کے صدر بھارت جگدو نے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتایا کہ رن وے سے پھسلنے والا طیارہ تقریباً60 میٹر گہری کھائی میں گرنے سے بمشکل بچا۔

عہدے داروں کا کہنا ہے کہ بارش اور تاریکی کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں رکاوٹیں پیش آرہی ہیں۔تاہم جہاز پر سوار ہر شخص کو بچا لیا گیا ہے۔ عہدے داروں کا کہنا ہے کہ کچھ مسافروں کی جائے حادثہ پر ہی مرہم پٹی کی جارہی ہے جب کہ کئی ایک کو قریبی اسپتال میں پہنچا دیا گیا ہے۔ تاہم کسی مسافر کو شدید چوٹیں نہیں آئیں۔

کریبین ایئرلائنز نے کہاہے کہ حادثے کاشکار ہونے والے طیارے پر157 مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔ یہ جہاز پورٹ آف اسپین سے روانہ ہواتھا۔ ایئر لائن حکام کے مطابق انہوں نے مسافروں کی مدد کے لیے اپنی ایک ٹیم گیانا بھیج دی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بدقسمت طیارے نے اپنے سفر کا آغاز نیویارک سے کیا تھا۔