اسکرین ایکٹرز گلڈ، امریکن فیڈریشن آف ٹیلی ویژن اینڈ ریڈیو آرٹسٹس (سیگ ایفٹرا ) نے لگ بھگ چار ماہ بعد ہالی وڈ اسٹوڈیوز کے خلاف جاری ہڑتال ختم کر دی ہے۔ اب امکان ہے کہ سنیما گھروں اور ریڈ کارپٹ کی رونقیں پھر سے بحال ہو جائیں گی جو ہڑتال کی وجہ سے خاصی متاثر ہوئی تھیں۔
سیگ ایفٹرا اور الائنس آف موشن پکچر اینڈ ٹیلی وژن پروڈیوسرز (اے ایم پی ٹی پی) کے درمیان ہونے والی ڈیل کے تحت نہ صرف اداکاروں کو مصنوعی ذہانت کے خلاف تحفط ملے گا بلکہ ان کی تنخواہ، پینشن اور دیگر مراعات میں بھی اضافہ ہوگا۔
ڈیل کو منظور کرنے کا حتمی فیصلہ تو فی الحال نہیں ہوا لیکن جس کمیٹی نے ان مذاکرات میں حصہ لیا تھا اس نے ڈیل کو من و عن تسلیم کر لیا۔ مجوزہ کانٹریکٹ کی شقوں کی منظوری کا فیصلہ آنے والے دنوں میں ووٹنگ کے ذریعے ہو گا۔
اس ہڑتال کی وجہ سے ہالی وڈ کی کئی بڑی فلموں کی ریلیز متاثر ہوئی ہے۔ تو چلیں جانتے ہیں کہ کون کون سی فلمیں کب ریلیز کی جائیں گی۔
مشن امپاسبل: ڈیڈ ریکننگ پارٹ ٹو
ٹام کروز کی مشن امپاسبل سیریز کی آٹھویں فلم کی پہلے ریلیز ڈیٹ 28 جون 2024 تھی لیکن ہڑتال کی وجہ سے اسے 11 ماہ آگے بڑھا دیا گیا۔
ایک انٹرویو میں فلم کے ہدایت کار کرسٹوفر مک کیوری نے کہا تھا کہ ہڑتال سے پہلے وہ فلم کا زیادہ تر حصہ شوٹ کر چکے تھے اور صرف ایک 'بڑا سیٹ پیس' باقی تھا جسے اب ہڑتال ختم ہونے کی وجہ سے وہ جلد مکمل کر لیں گے۔
مشن امپاسبل سیریز کی فلم کی ریلیز ڈیٹ بدلنا کوئی نئی بات نہیں۔ اس سے پہلے بھی ٹام کروز کی اسٹنٹ کے دوران انجری کی وجہ سے ایک فلم پر کام رک گیا تھا جب کہ گزشتہ فلم کو بھی ٹاپ گن: میورک کی کامیابی کی وجہ سے آگے بڑھا دیا گیا تھا۔
گوسٹ بسٹرز: فروزن امپائر
گوسٹ بسٹرز سیریز کی مجموعی طور پر پانچویں اور اوریجنل سیریز کی چوتھی فلم پر سیگ ایفٹرا ہڑتال کی وجہ سے کام رکا ہوا تھا جو اب ممکنہ طور پر دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
اداکار پال رڈ اور اداکارہ مک کینا گریس کی اس فلم کو پہلے 20 دسمبر 2023 کو ریلیز ہونا تھا لیکن اب اسے اگلے سال 29 مارچ کو ریلیز کیا جائے گا۔
اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس
اینی میٹڈ فلم 'اسپائیڈر مین: بیونڈ دی اسپائیڈر ورس' کی ریلیز بھی دیگر فلموں کی طرح آگے بڑھا دی گئی تھی۔
اس فلم کے وائس اوور آرٹسٹ بھی سیگ ایفٹرا ہڑتال میں شامل تھے۔ فی الحال یہ تو نہیں معلوم کہ مائیلز موریلیس بطور اسپائیڈڑ مین کب سنیما میں کم بیک کرے گا۔ لیکن امکان ہے کہ فلم 2024 کے آخر میں ریلیز کی جائے گی۔
SEE ALSO: اداکاروں اور اسکرپٹ رائٹرز کی ہڑتال، ہالی ووڈ کیسے متاثر ہوگا؟وینم تھری
اسپائیڈر مین سیریز کی لائیو ایکشن فلم 'وینم تھری' کی بھی ریلیز اداکاروں کی ہڑتال سے متاثر ہوئی تھی۔
فلم کی شوٹنگ کا آغاز جون سے ہوا تھا لیکن صرف ایک ماہ بعد ہی اسے روک دیا گیا تھا۔
امریکی جریدے 'ہالی وڈ رپورٹر' کے مطابق فلم کے پروڈیوسرز 'سونی پکچرز' نے اسے آٹھ نومبر 2024 کو ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فلم میں ٹام ہارڈی بدستور وینم کا کردار نبھائیں گے۔
گلیڈی ایٹر ٹو
معروف ہدایت کار رڈلی اسکاٹ کی فلم 'نپولین' کو تو رواں ماہ دنیا بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز کیا جا رہا ہے۔ لیکن ان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک 'گلیڈی ایٹر' کے سیکوئل کی کیا تازہ صورتِ حال ہے؟ اس کے بارے میں کوئی اپ ڈیٹ سامنے نہیں آئی ہے۔
فلم میں مرکزی کردار پال میسکل ادا کریں گے جب کہ اداکار ڈینزل واشنگٹن، کونی نیئلسن، اور پیڈرو پیسکل بھی اس میں ایکشن میں نظر آئیں گے۔
یہ فلم سن 2000 میں ریلیز ہونے والی ایوارڈ وننگ گلیڈی ایٹر کا سیکوئل ہو گی اور اسے نومبر 2024 میں ریلیز ہونا تھا۔
ڈیڈ پول تھری
مارول سیریز کی فلم 'ڈیڈ پول تھری' میں شائقین رائن رینلڈز کو بطور ڈیڈ پول دیکھنے کے ساتھ ساتھ ہیو جیک مین کی بحیثیت وولورین واپسی کے منتظر ہیں۔ لیکن اداکاروں اور اسٹوڈیوز کی جنگ نے ان کے انتظار کو مزید آگے بڑھا دیا ہے۔
فلم کی ریلیز ڈیٹ تو تین مئی 2024 ہے لیکن ابھی اس کی شوٹنگ بھی مکمل نہیں ہوئی ہے۔
رائن رینلڈز نے ایکس پر ایک پوسٹ میں اشارہ تو دیا کہ فلم اگلے سال گرمیوں میں ریلیز ہو گی لیکن اس کا باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
ڈیون پارٹ ٹو
جہاں کچھ فلموں کو مکمل نہ ہونے کی وجہ سے ریلیز نہیں کیا جا رہا۔ وہیں سائنس فکشن فلم 'ڈیون' کے سیکوئل کی ریلیز کو اس لیے آگے بڑھا دیا گیا کیوں کہ پروڈیوسرز 'وارنر برادرز' فلم کو بھرپور انداز میں پروموٹ کرنا چاہتے ہیں جو کہ وہ ہڑتال کی وجہ سے نہیں کر پا رہے تھے۔
رواں ماہ ریلیز ہونے والی فلم کو ان مارچ 2024 میں ریلیز کیا جائے گا۔
امکان ہے کہ گزشتہ فلم کی طرح یہ فلم بھی باکس آفس پر شاندار بزنس کرکے ہالی وڈ اور سنیما انڈسٹری دونوں کو سہارا دینے میں کامیاب ہوجائے گی۔