کرکٹ ورلڈکپ کا آفیشل نغمہ ریلیز، سوشل میڈیا پر ملے جلے تبصرے

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈکپ 2023 کے لیے نغمہ جاری کر دیا ہے جس میں بالی وڈ اداکار رنویر سنگھ کو پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق 'دل جشن جشن بول' گانے کا میوزک بھارتی گلوکار پریتام چکرابورتی نے ترتیب دیا ہے جب کہ گلوکاروں میں پریتام سمیت نقاش عزیز، سریراما چندرا، امیت مشرا اور جونیتا شامل ہیں۔

گانے میں ایک ٹرین کے سفر کی منظر کشی کی گئی ہے جس میں سوار افراد کو ورلڈ کپ کے نغمے سے محظوظ ہوتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

ورلڈ کپ میں شریک ملکوں کے نمائندوں کو ٹرین میں سفر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ایک موقع پر ایونٹ میں شامل ٹیموں کے ملکوں کے پرچم بھی دکھائے جاتے ہیں۔

بھارت کی میزبانی میں ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز پانچ اکتوبر کو دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا۔ ایونٹ میں مجموعی طور پر دس ٹیمیں شریک ہوں گی جن کے درمیان 48 میچز کھیلے جائیں گے۔

ورلڈکپ کے آغاز سے قبل اس کے نغمے سے ایونٹ کا طبل بجا دیا گیا ہے لیکن سوشل میڈیا صارفین گانے پر اپنی مختلف رائے رکھتے ہیں۔ کوئی اسے بہت پسند کر رہا ہے اور بعض نے 2011 ورلڈ کپ کے نغمے کے مقابلے میں اسے 'ہلکا' قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس سابق ٹوئٹر پر عبدالرافع نامی صارف نے نغمے کو اچھا قرار دیا اور کہا کہ یہ اسی طرح اچھا ہے جس طرح 2011 کے ورلڈ کپ کا نغمہ تھا۔

وقار آفریدی نامی صارف نے نغمے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ فاسٹ اینڈ انرجیٹک، لوگوں کو اس نغمے کا مقابلہ 2011 کے ورلڈ کپ سے نہیں کرنا چاہیے۔ دل جشن بولے گانا جدید دور کا ہے اور 2011 کے ورلڈکپ کا گانا اپنے وقت کا بہترین گانا تھا۔

روشن رائے نامی صارف کہتے ہیں شائقین دو منٹ کے لیے خاموش ہو گئے ہیں جنہیں ورلڈکپ کے لیے 'دے گھماکے' کی طرح کے گانے کی توقع تھی۔

سیف احمد کہتے ہیں 2015 کے ورلڈ کپ کا گانا اب بھی بہترین ہے اور اس میں ورلڈ کپ کا خاص اثر ہے۔

شیوانی نامی صارف نے گانے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئی سی سی کی بہت زبردست تخلیق ہے، اسے چھپا کر ہی رکھیں۔

نور اے یوسفزئی نامی صارف نے گانے پر تنقید کرتے ہوئے اسے ورلڈکپ 2023 کے لیے ناکام گانا کہا۔ ان کے بقول آئی سی سی اس کے مقابلے میں مزید بہتر گانا بنا سکتا تھا۔