آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 15 سے 19 جنوری تک برسبین میں شیڈول چوتھے ٹیسٹ میچ کا انعقاد غیر یقینی صورتِ حال سے دوچار ہو گیا ہے۔
ریاست کوئنز لینڈ کے حکام کی جانب سے کرونا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے عائد سخت پابندیوں کی وجہ سے بعض بھارتی کھلاڑیوں نے برسبین کا سفر نہ کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی گزشتہ چھ ماہ سے آئی پی ایل اور کرکٹ کی دیگر مصروفیات کی وجہ سے سماجی پابندیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ تاہم نیو ساؤتھ ویلز میں مقامی سطح پر آٹھ نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد کوئنز لینڈ حکام نے اس سے ملحقہ سرحدیں بند کر دی ہیں۔
کوئنز لینڈ حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ہاٹ اسپاٹ سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی پابندی ضروری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرکٹ آسٹریلیا کو اس سے متعلق کھلاڑیوں سے بات چیت کرنی چاہیے۔
تاہم کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ مذاکرات کے بعد کوئنز لینڈ حکام نے دونوں ٹیموں کو چوتھے ٹیسٹ کے لیے برسبین آنے کی اجازت دی ہے تاہم اس سے قبل اُنہیں سڈنی میں قرنطینہ کرنا پڑے گا۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ جمعرات سے سڈنی میں شروع ہو رہا ہے جس کے لیے ٹیمیں پیر کو سڈنی پہنچ رہی ہیں۔
یہ بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر کھلاڑیوں کے تحفظات دُور نہیں ہوتے تو چوتھا ٹیسٹ بھی سڈنی میں ہی کھیلا جائے۔ تاہم اس حوالے سے آسٹریلوی اور بھارتی کرکٹ بورڈز بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ نیو ساؤتھ ویلز میں آٹھ نئے کیسز رپورٹ ہونے کے باوجود گراؤنڈ میں حفاظتی اقدامات کے تحت 20 ہزار تماشائیوں کو آنے کی اجازت ہو گی۔
'رائٹرز' کے مطابق بھارتی ٹیم کے ترجمان کی طرف سے اس سے متعلق مؤقف نہیں دیا گیا۔
خیال رہے کہ بھارتی کھلاڑیوں نے آسٹریلیا پہنچنے پر 14 دن سخت قرنطینہ میں گزارے تھے۔ تاہم اس کے بعد مختلف شہروں میں ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ میچز کے دوران اُنہیں ٹریننگ کے لیے آزادانہ ماحول فراہم کیا گیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق پانچ بھارتی کھلاڑیوں کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد جس میں وہ ایک ریستوران کے اندر کھانا کھاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہیں ہفتے کو آئسولیٹ کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی اور بھارتی کرکٹ بورڈ ‘بائیو سیکیور پروٹوکولز’ کی مبینہ خلاف ورزی کی تحقیقات کر رہے ہیں اور ممکنہ طور پر انہیں اس خلاف ورزی پر جرمانے کیے جا سکتے ہیں۔
بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی چار ٹیسٹ میچ سیریز ایک، ایک سے برابر ہے۔