بھارت نے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ فائنل میں بھارت کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔
فائنل میں پہنچنے کے ساتھ ہی بھارت نے نئی تاریخ بھی رقم کی ہے۔ وہ انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں مسلسل چوتھی مرتبہ فائنل میں جگہ بنانے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔
اس سے قبل بھارتی ٹیم لگاتار سال 2016، 2018، 2020 کے انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔
سب سے زیادہ انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے کا اعزاز بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاس ہے۔ وہ سال 2000، 2008، 2012، 2018 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔
سیمی فائنل میں بھارت 96 رنز سے کامیاب
ویسٹ انڈیز میں کھیلے جا رہے انڈر 19 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔
بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 290 رنز بنائے۔ کپتان یش دھل نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 110 اور شیخ رشید نے 94 رنز کی اننگز کھیلی۔
آسٹریلیا کی جانب سے جیک نسبیت اور ولیم سالزمین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
291 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی ٹیم نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو تین رنز پر اس کی پہلی وکٹ گر گئی جس کے بعد وقفے وقفے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور 101 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
مزید پڑھیے
انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ سے کون کون سے بین الاقوامی کھلاڑی سامنے آئے؟وہ بڑے 'اپ سیٹ' جنہوں نے کرکٹ شائقین کو حیران کر دیا بھارتی ون ڈے کرکٹ ٹیم کی قیادت پر تنازع، کوہلی کے پریس کانفرنس میں شکوےآسٹریلوی ٹیم کے آخری پانچ کھلاڑی بھی کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے اور پوری ٹیم 42 ویں اوور میں 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
آسٹریلیا کی جانب سے لوکلین شا 51 اور کورے ملر 38 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔بھارت کی جانب سے وکی استول نے تین، نشانت سندھو اور روی کمار نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں سینچری اسکور کرنے پر بھارت کے انڈر 19 ٹیم کے کپتان یش دھل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
ایونٹ میں بھارتی ٹیم ناقابل شکست رہی اور اس نے جنوبی افریقہ، آئرلینڈ، یوگانڈا، بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی حاصل کی۔
سیمی فائنل میں آسٹریلیا کو شکست کے بعد بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا مقابلہ پانچ فروری کو انگلینڈ سے ہو گا۔