بھارت میں کرونا ویکسی نیشن کی مہم کا دائرہ وسیع ہو گیا ہے۔ ہیلتھ ورکز کے بعد اب ویکسین اُن معمر افراد کو دی جا رہی ہے جنہیں طبی پیچیدگیوں کا سامنا ہے۔
پیر کو بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی کرونا ویکسین لگوا لی ہے۔
ویکسی نیشن مہم کے دوسرے مرحلے میں 60 سال سے زائد عمر اور 45 برس سے زیادہ عمر کے اُن افراد کو ویکسین دی جائے گی جو امراضِ قلب یا ذیابیطس کے شکار ہیں۔
مذکورہ دونوں بیماریوں کے شکار افراد کو کرونا کی صورت میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے۔
بھارت کے سرکاری اسپتالوں میں کرونا ویکسین مفت فراہم کی جا رہی ہے جب کہ 10 ہزار سے زائد نجی اسپتالوں میں یہ ویکسین 250 روپے میں لگوائی جا سکتی ہے۔
ستر سالہ بھارتی وزیرِ اعظم نے پیر کو نئی دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس میں ویکسین لگوانے کے بعد اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ایک ساتھ مل کر بھارت کو کرونا سے پاک بنائیں۔
انہوں نے بھارتی عوام سے اپیل بھی کی کہ وہ کرونا ویکسین لازمی لگوائیں۔
یاد رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ آبادی والے ملک بھارت نے رواں برس جنوری میں کرونا ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا تھا۔
حالیہ چند روز کے دوران بھارت میں کرونا کیسز میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جب کہ کرونا کی نئی قسم کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ہیں۔
مغربی ریاست مہاراشٹرا میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد تقریباً دگنی ہو گئی ہے جب کہ بعض علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔
SEE ALSO: بھارت میں ایک بار پھر کرونا کیسز میں اضافہ، کئی علاقوں میں پھر پابندیاں نافذپنجاب، جموں و کشمیر، گجرات، مغربی بنگال، مدھیا پردیش، چھتیس گڑھ اور ریاست تلنگانا میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
وفاقی حکام نے ریاستی عہدیداروں سے کہا ہے کہ جن علاقوں میں نئے کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں وہاں فوری طور پر ویکسی نیشن مہم تیز کی جائے۔
ویکسین لگانے کا ہدف
عالمی وبا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں امریکہ کے بعد بھارت دوسرے نمبر پر ہے جہاں اب تک ایک لاکھ 57 ہزار سے زیادہ اموات اور ایک کروڑ 10 لاکھ سے زیادہ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
حکومت نے رواں برس اگست تک 30 کروڑ افراد کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔
خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق بھارت میں اب تک 66 لاکھ ہیلتھ ورکرز کرونا ویکسین کی پہلی خوراک لے چکے ہیں جب کہ 24 لاکھ طبی عملہ وہ ہے جو دونوں خوراکیں لے چکا ہے۔
فرنٹ لائن ورکرز میں شامل پولیس اور صفائی کے کاموں پر مامور عملے کے لگ بھگ 50 لاکھ اہلکاروں کو اب تک ویکسین دی جا چکی ہے۔