عراق سے امریکی افواج کا انخلاء مکمل

عراق سے امریکی افواج کا انخلاء مکمل

عراق سے امریکی فوجیوں کا آخری قافلہ بھی اتوار کو کویت پہنچ گیا ہے۔

اس قافلے میں شامل گاڑیوں پر کئی سو فوجی سوار تھے جن کے انخلاء کے بعد عراق میں لگ بھگ 200 فوجی رہ گئے ہیں جو دارالحکومت بغداد میں امریکی سفارت خانے میں موجود ہیں۔

امریکی افواج کا انخلاء مکمل ہونے کے ساتھ ہی تقریباً نو سالہ جنگ کا بھی اختتام ہو گیا ہے، جس میں 4,500 امریکی فوجی اور ہزاروں عراقی ہلاک ہوئے، جب کہ لڑائی پر اربوں ڈالر خرچ کیے گئے۔

عراق میں جنگ کا آغاز 2003ء میں صدام حسین کو اقتدار سے ہٹانے کی مہم کے ساتھ ہوا تھا۔

جس وقت جنگ اپنے زوروں پر تھی، عراق میں قائم 500 سے زیادہ فوجی اڈوں پر 170,000 سے زائد امریکی اہلکار تعینات تھے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکہ اپنے پیچھے ایک تباہ حال ملک چھوڑ کر جا رہا ہے جہاں ہزاروں بیوائیں اور یتیم ہیں جب کہ لوگ فرقے کی بنیاد پر بٹ چکے ہیں۔ اُن کے بقول عراق کے بنیادی ڈھانچے کی بحیثیت مجموعی تعمیر نو بھی نہیں کی گئی ہے۔

وزیر اعظم نوری المالکی کی حکومت شیعہ، سنی اور کرد جماعتوں کے درمیان شراکت اقتدار کے معاہدے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ عراق کا مستقبل ’’اس کے اپنے لوگوں کے ہاتھوں میں ہے‘‘۔