جمعے کے روز یونان نے اسرائیل کی ناکہ بندی توڑ کر غزہ میں امدادی سامان پہنچانے والی بحری کشتیوں کے قافلے پر اپنے ساحلوں سے روانگی پر پابندی لگادی ہے۔
قافلے کے منتظمین نے کہاہے کہ انہیں توقع ہے کہ وہ آئندہ دنوں میں کم ازکم نو بحری کشتیوں کے ساتھ غزہ کے لیے اپنے سفر کا آغاز کرسکیں گے اور اسرائیل کی بحری ناکہ بندی توڑ کر محصورین کو امدادی سامان پہنچائیں گے۔
قافلے میں شامل ہونے والے زیادہ تر بحری جہاز یونان میں لنگر انداز ہیں، جن میں سے کئی ایک کو انتظامی مسائل کا سامنا ہے۔ یہ توقع کی جارہی ہے کہ امدادی قافلے میں تقریباً 300 افراد شرکت کریں گے جن میں صحافی ، سیاست دان، قلم کار اور مذہی راہنما بھی شامل ہیں۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں میں کہاگیا ہے کہ جمعے کے روز ایک کشتی کئی سرگرم امریکی کارکنوں کو لے کر یونان سے غزہ کے لیے روانہ ہوئی مگر اسے یونان کے ساحلی محافظوں نے آگے بڑھنے سے روک دیا۔
امدادی قافلے کے منتظمین نے اس ہفتے اسرائیل پر قافلے کے دو بحری جہازوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیاتھا۔