جس انتہائی مطلوب گینگسٹر کو اطالوی پولیس تین دہائیوں سے تلاش کر رہی تھی اسے بالآخر برازیل سے گرفتار کرکے اٹلی منتقل کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق روکو مرابیتو کی عمر لگ بھگ 55 برس ہے اور اسے دنیا کے خطرناک اور بااثر ترین منشیات فروشوں میں شمار کیا ہے۔
روکو مرابیتو کو بدھ کو برازیل سے اٹلی کے شہر روم لایا گیا ہے۔ 20 سال قبل ان کی غیر موجودگی میں اٹلی کی ایک عدالت نے یورپ منشیات اسمگل کرنے اور اٹلی کے خطرناک جرائم پیشہ گروہ ’درنگ گیتا‘ کا حصہ ہونے پر انہیں تقریباً 30 برس قید کی سزا سنائی تھی۔
اس گینگ کو کئی جرائم پیشہ گروہوں نے ایک اتحاد بنا کر ’درنگ گیتا سینڈیکیٹ‘ کا نام دیا تھا۔ یہ سینڈیکیٹ اربوں ڈالر کی کوکین اور دیگر منشیات یورپ اسمگل کرنے میں ملوث رہا ہے۔
اٹلی کی پولیس نے روم لائے گئے روکو مرابیتو کو دنیا کا ایک بڑا منشیات فروش قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق روکو مرابیتو کو 2001 میں میلان کی ایک عدالت نے سزا بھی سنائی تھی۔
یورپ منشیات اسمگل کرنے والے روکو مرابیتو کو اٹلی کی پولیس 1994 سے تلاش کر رہی تھی لیکن مسلسل کوششوں کے باجود اسے کامیابی نہیں مل رہی تھی۔
اٹلی میں منشیات فروشوں کے خلاف مقدمات میں پیش ہونے والے سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ روکو مرابیتو جنوبی امریکہ کے بعض ممالک سے اٹلی کے شہر میلان منشیات اسمگل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ میلان اٹلی اور پورے یورپ میں منشیات کی ترسیل کا گڑھ تصور کیا جاتا تھا۔واضح رہے کہ اٹلی کے جرائم پیشہ مافیاز اپنی سفاکانہ کارروائیوں کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
میلان کی عدالت نے روکو مرابیتو کو منشیات کی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ مافیا سے تعلق پر بھی قید کی سزا سنائی تھی۔
جنوبی امریکہ کے ملک یوراگوئے سے جب روکو مرابیتو کو گرفتار کیا گیا تھا اس وقت وہ ساحل پر ایک پرتعیش بنگلے میں قیام پذیر تھے۔ حکام نے اس وقت بتایا تھا کہ ان کے پاس برازیل کا ایک جعلی پاسپورٹ تھا جب کہ اپنی شناخت چھپانے کے لیے اپنا حقیقی نام بھی استعمال نہیں کررہے تھے۔
مزید جانیے |
پولیس نے ان کو ایک مقامی ہوٹل سے حراست میں لیا تھا اور اس وقت پولیس نے ان سے ایک پستول، 13 موبائل فون، نقدی اور ایک پر تعیش گاڑی بھی برآمد کی تھی۔
اٹلی میں روکو مرابیتو کو دوسرا مطلوب ترین گینگسٹر قرار دیا جاتا ہے جب کہ 60 سالہ گینگسٹر ’ماتیئو مسینا دینارو‘ وہ مطلوبہ افراد کی فہرست میں پہلے نمبر ہے۔ دینارو 1993 سے مفرور قرار دیے جاتے ہیں البتہ اب بھی کہا جاتا ہے کہ اٹلی کے علاقے سسلی میں ان کی سرپرستی میں جرائم پیشہ گروہ کام کرتے ہیں۔