انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں موسلادھار بارشوں سے کم ازکم 30 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ 20 سال قبل جب سے جکارتہ میں بارشوں کا ریکارڈ رکھنے کا سلسلہ شروع ہوا ہے، یہ شدید ترین بارشیں ہیں۔
شدید بارشوں کے نتیجے میں شہر کے اکثر علاقے سیلابی پانیوں میں ڈوب چکے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ شہر میں ایک فٹ سے زیادہ بارش پڑ چکی ہے۔ بارشوں کا سلسلہ منگل کو شروع ہوا اور بدھ کے روز بھی جاری رہا۔ اس ہفتے مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
جکارتہ کا شمار ایشیا کے انتہائی گنجان آباد شہروں میں کیا جاتا ہے۔ اس شہر میں تین کروڑ سے زیادہ لوگ رہتے ہیں، جنہیں سیلابی ریلوں کی وجہ سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہر کی سڑکیں اور گلیاں دریاؤں اور ندی نالوں کا منظر پیش کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔
ہنگامی مدد فراہم کرنے والے سرکاری ادارے کے ڈائریکٹر بودی پرناما نے نامہ نگاروں کو بتایا ہے کہ لوگوں کو متاثرہ علاقوں سے نکالنے کے لیے امدادی کارکنوں کے ساتھ فوج کے دستے بھی تعینات کیے گئے ہیں۔
بودی کا کہنا تھا کہ سیلابی پانی کے ریلے بہت تند و تیز ہیں اور وہ گاڑیوں کو بھی اپنے ساتھ بہا کر لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بارشوں کے موجودہ سلسلے کو عام بارش نہ سمجھا جائے۔ یہ بہت تیز اور خطرناک بارش ہے۔
قدرتی آفات کے دوران مدد فراہم کرنے والے ادارے نے بتایا ہے کہ جمعرات کے روز 35 ہزار سے زیادہ افراد کو سيلاب میں گھرے علاقوں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔
جکارتہ کا 40 فی صد سے زیادہ علاقہ سطح سمندر سے نیچے ہے جس کی وجہ سے صرف ہلکی سی بارش بھی وہاں سیلاب کا منظر پیش کرنے لگتی ہے اور پانی کو وہاں سے نکالنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔
نشیبی علاقوں میں زیادہ تر کچی آبادیاں ہیں اور بڑی تعداد میں غیر قانونی نلکے اور ٹیوب ویل لگائے گئے ہیں جس کی وجہ سے شہر کے ڈوبنے کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے۔