جاپان میں ایک تازہ جائزے کے مطابق دو تہائی رائے دہندگان کے خیال میں حکمران جماعت کو حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کے ساتھ مل کر ملک میں جاری جوہری بحران سے نمٹنے اور حالیہ تباہ کن زلزلے اور سونامی کے بعد بحالی کی کوششیں کرنا چاہیئں۔
رائے عامہ کا یہ جائزہ اخبار ’یومیوری‘ نے کیا اور اس میں شامل افراد میں سے 64 فیصد کا کہنا تھا کہ حکمران ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کو لبرل ڈیموکریٹک پارٹی سے اتحاد کر لینا چاہیئے۔
جائزے میں وزیر اعظم ناؤتو کان کی حکومت کو حاصل عوامی حمایت کی شرح 31 فیصد رہی جب گذشتہ ماہ یہ 24 فیصد کی کم ترین سطح پر تھی۔
ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان نے 2009ء میں واضح اکثریت سے کامیابی حاصل کی تھی اور اس سے قبل گذشتہ 50 سالوں کے دوران تقریباً مسلسل لبرل ڈیموکریٹک پارٹی اقتدار میں رہی تھی۔