پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں جمعرات کی دوپہر پولیس کے قافلے پر خودکش حملے میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق پولیس کے ایک اعلیٰ افسر راؤ انوار گھر سے دفتر جا رہے تھے کہ ملیر ہالٹ کے علاقے میں خودکش بمبار نے پولیس کے قافلے میں شامل گاڑی سے اپنی موٹر سائیکل ٹکرا دی۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار اس حملے میں محفوظ رہے۔ انھیں کچھ عرصے سے دہشت گردوں کی طرف سے حملوں کی دھمکیاں مل رہی تھیں اور اسی بنا پر وہ بکتر بند گاڑی استعمال کررہے تھے۔
دریں اثناء نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی ایک گشتی ٹیم پر فائرنگ کرکے تین اہلکاروں کو ہلاک کر دیا۔ مرنے والوں میں ایک سب انسپکٹر اور دو کانسٹیبل شامل ہیں۔
صوبائی وزیرداخلہ منظور وسان سے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جس کے بعد ہی ان کے محرکات اور اس میں ملوث عناصر کا پتا چلایا جاسکے گا۔
کراچی میں حالیہ دنوں میں ایک بار پھر سیاسی و لسانی بنیادوں پر تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے جس کے باعث شہر میں پولیس اور رینجرز کا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔