پاکستان میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں آؤٹ فال روڈ پر سگیاں پل کے قریب پراسرار دھماکہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں پندرہ سے زائد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف کے مطابق دھماکہ سگیاں پل کے قریب کھڑے آڑو کے ایک ٹرک میں ہوا ہے۔
آڑو کا یہ ٹرک خیبر پختونخوا کے شہر سوات سے لاہور لایا گیا تھا۔ ڈی آئی جی آپریشن نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آؤٹ فال روڈ پر ہونے والے اس دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ایس پی سٹی عادل میمن کے مطابق دھماکے سے آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں اور دھماکے کہ جگہ دو سے تین فٹ گہرا گڑھا پڑا ہے۔
ایس پی سٹی نے وائس آف امریکہ کو بتایا ہے کہ دھماکہ سیلنڈر کا تھا یا بارودی مواد کا ابھی اس بارے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہو گا۔ سی ٹی ڈی اور فرانزک ماہرین ثبوتوں کی روشنی میں اپنی رپورٹس سے ہی اس بارے میں کچھ کہہ سکیں گے۔
عادل میمن کے مطابق دھماکے کی شدت سے بجلی کی تاریں آپس میں مل گئیں اور ایک اور دھماکے کی آواز علاقے میں سنی گئی۔
لاہور کے میو اسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر افضل کے مطابق دھماکے کے 12 زخمی میو اسپتال لائے گئے ہیں جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ میاں منشی اسپتال میں دھماکے کے 23 زخمی لائے گئے تھے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق جن میں سے 13 کو طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا ہے جبکہ 10 زخمی زیر علاج ہیں لیکن ان کی حالت اطمینان بخش ہے۔
دھماکے کے زخمی ایک شخص نے بتایا کہ ٹرک پر کپڑا ڈھکا ہوا تھا جو اچانک پھٹ گیا۔ دھماکے کی جگہ پنجاب فرانزک ایجنسی کی ٹیم نے پہنچ کر شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5