برطانوی اخبار ’سنڈے ٹائمز‘ کے مطابق لیبیا میں باغی فورسز نے ملک کے مشرقی علاقے سے برطانوی فوج کے آٹھ کمانڈوز اور ایک سفارت کار کو حراست میں لے لیا ہے۔
اخبار کا کہنا ہے کہ یہ افراد باغی رہنماؤں سے رابطہ قائم کرنے کے لیے ایک خفیہ مشن پر تھے۔
برطانوی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی تصدیق اور نا ہی تردید کی ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق باغیوں نے لیبیا کی حدود میں غیرملکی فوجیوں کی موجودگی پر اظہار برہمی کیا ہے کیوں کہ اُنھیں خدشہ ہے کہ یہ واقعہ ملک کے رہنما معمر قذافی کو محب وطن افراد کی حمایت حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
حراست میں لیے گئے برطانوی باشندوں کو پوچھ گچھ کے لیے باغیوں کے زیر اثر شہر بن غازی منتقل کر دیا گیا ہے۔