نیو ایئر ریزولوشنز: خود سے کیے گئے وعدے کیسے پورے کریں؟

  • ماہرین کہتے ہیں کہ جنوری خود کو بہتر بنانے کے لیے ایک اچھا وقت ہو سکتا ہے۔ لیکن یہاں یہ بات اہم ہے کہ خود سے کیے گئے وعدوں پر قائم رہنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑتی ہے۔
  • متعدد مطالعوں سے پتا چلتا ہے کہ 70 فی صد لوگ جو نئے سال کے لیے وعدے کرتے ہیں وہ چند مہینوں کے اندر ہی انہیں ترک کر دیتے ہیں۔
  • ماہرین کہتے ہیں کہ ریزولوشن سے متعلق حقیقت پسندانہ سوچ اختیار کریں اور چھوٹے چھوٹے ٹارگٹس سیٹ کریں۔
  • برٹش سائیکولوجیکل سوسائٹی سے وابستہ سائیکولوجسٹ تمارا رسل کہتی ہیں نئے سال کی ایک بہترین ریزولوشن یہ ہوسکتی ہے کہ آپ خود کو جج نہ کریں۔

ویب ڈیسک—نیا سال شروع ہونے سے قبل ہی بہت سے لوگ اپنے آپ سے بہت سے وعدے کرتے ہیں اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ نئے سال میں ان وعدوں پر قائم رہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ جنوری خود کو بہتر بنانے کے لیے ایک اچھا وقت ہو سکتا ہے۔ لیکن یہاں یہ بات اہم ہے کہ خود سے کیے گئے وعدوں پر قائم رہنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑتی ہے۔

متعدد مطالعوں سے پتا چلتا ہے کہ 70 فی صد لوگ جو نئے سال کے لیے وعدے کرتے ہیں وہ چند مہینوں کے اندر ہی انہیں ترک کر دیتے ہیں۔

آج ہم آپ کو اسی حوالے سے چند ٹپس دینے والے ہیں جو آپ کو اپنے نیو ایئر ریزولوشنز پر قائم رہنے میں مدد فراہم کریں گی۔

چھوٹا آغاز لیں

ماہرین کہتے ہیں کہ ریزولوشن سے متعلق حقیقت پسندانہ سوچ اختیار کریں اور چھوٹے چھوٹے ٹارگٹس سیٹ کریں۔

خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' کے مطابق امیرکن سائیکولوجیکل ایسوسی ایشن کے ریسرچ اینڈ پالیسی ڈپارٹمنٹ کی نائب صدر لین بفکا کا کہنا ہے کہ "بجائے یہ کہ آپ کہیں کہ میں اس سال 20 کلو وزن کم کروں گی اور میٹھا کھانا بالکل چھوڑ دوں گی، تو یہ چیز صحیح نہیں ہے۔"

SEE ALSO: یکم جنوری سال کا پہلا دن کیسے بنا؟

ان کا کہنا ہے کہ حقیقی ٹارگٹس سیٹ کریں جیسے اپنے ایک ٹائم کے کھانے میں سبزی یا اسنیکنگ میں پھل کو شامل کریں۔ یا دن میں 10 منٹ کی ورزش کریں۔

لین بفکا کے مطابق جب آپ یہ چوٹے چھوٹے گولز پورے کرنے لگیں گے تو بڑے گولز تک پہنچنا مشکل نہیں ہوگا۔

مثبت سوچ رکھیں

نئے سال میں بڑی تبدیلیاں لانا مشکل اور چیلنجنگ ہوتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کا آسان طریقہ یہی ہے کہ مثبت سوچ رکھیں۔

خود سے کیے گئے وعدے اور اپنے گولز پورا کرنے کے لیے مثبت سوچ رکھنا مددگار ثابت ہوتی ہے۔

اپنے گولز پر مکمل توجہ رکھیں

نیو ایئر ریزولوشن سے متعلق سال 2020 میں شائع ہونے والے ایک مطالعے میں یہ معلوم ہوا تھا کہ جو لوگ مخصوص اہداف پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں وہ ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ کامیاب ہوتے ہیں جو صرف بری عادتوں کو ختم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔

ایک ہزار افراد سے زائد لوگوں پر مبنی گروپ میں مطالعے کے بعد سائنس دانوں کو معلوم ہوا کہ سب سے زیادہ مقبول ریزولوشنز میں ورزش، وزن میں کمی اور کھانے کی بہتر عادات شامل تھیں۔

دیگر نیو ایئر ریزولوشنز میں خود کو بہتر بنانے، ذاتی مالیاتی مسائل اور ذہنی صحت پر توجہ مرکوز کرنے اور تناؤ کو کم کرنے جیسے گولز شامل تھے۔

خود پر مہربان رہیں

اپنی زندگی میں تبدیلی لانا ایک مشکل کام ہے تو خود سے پرفیکشن کی امید نہ رکھیں۔

برٹش سائیکولوجیکل سوسائٹی کی سائیکولوجسٹ تمارا رسل کا کہنا ہے کہ نئے سال کی ایک بہترین ریزولوشن یہ ہوسکتی ہے کہ آپ خود کو جج نہ کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ اپنی روزولیشن پر ثابت قدم رہنے کے لیے یہ طریقہ اختیار کریں کہ ہر ہفتے اس بات کا جائزہ لیں کہ کیا چیز ہوسکتی اور کیا نہیں۔

SEE ALSO: انسان کی اوسط زندگی میں شاید مزید اضافہ نہ ہو سکے، تحقیق

بہت بار ایسا وقت آئے گا جب آپ یہ محسوس کریں گے کہ اس ریزولوشن کو پورا کرنا ممکن نہیں ہے اور آپ ہار مان لیں گے۔ لیکن تمارا رسل کہتی ہیں کہ اس کے لیے آپ خود کو قصور وار نہ ٹھہرائیں بلکہ اپنے اہداف کا ہر ہفتے جائزہ لیں کہ کیا کچھ حاصل کر لیا گیا ہے اور کیا حاصل کرنا رہتا ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں۔