قدامت پسند مسلم اکثریتی ملک ملائیشیا میں ہم جنس پرستی کے موضوع پر مبنی ریلیز ہونے والی ایک فلم نے پہلے پانچ دنوں میں تین لاکھ ڈالر سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔
فلم ’دالم بوتل‘ یعنی ’بوتل کے اندر‘ کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جو اپنے مرد ساتھی کی خاطر جنس کی تبدیلی کا آپریشن کراتا ہے مگر وہ اس کا دل توڑکرچلاجاتا ہے۔
پروڈیوسر رضااعظمی راجا سلیمان کا کہناہے کہ فلم نے اپنی پرڈوکشن اور مارکیٹنگ کے اخراجات پورے کردیے ہیں۔
رضااعظمی نے ایسوسی ایٹڈپریس کو بتایا کہ ان کی فلم یہ دکھانے میں کامیاب رہی ہے کہ ملائیشیا کے لوگ اتنے قدامت پسند نہیں ہیں اور اس طرح کے موضوعات پر بننے والی فلمیں برداشت کرسکتے ہیں۔
ملائیشیا کے سینسر قوانین فلموں میں ہم جنس پرستی کو صرف منفی انداز میں پیش کرنے کی اجازت دیتے ہیں۔
یہ فلم حکومتی سینسر سے منظوری کے بعد نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔
ہم جنس پرستی کے بعض حامیوں نے فلم دالم بوتل پر تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ اس میں ہم جنس پرستی کو منفی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ لیکن رضااعظمی کا کہناہے کہ یہ فلم ان کے ایک دوست کے حقیقی تجربات پر مبنی ہے۔