ملائیشیا کے وزیرِاعظم نے ایک علاقائی فٹ بال مقابلے میں قومی ٹیم کی متنازعہ قرار دی جانے والی فتح کی خوشی میں ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
بدھ کے روز کھیلے گئے "آسیان سوزوکی کپ مقابلے" کے فائنل میں ملائیشیا ، انڈونیشیا سے 1-2 سے شکست کھا گیا تھا۔ تاہم اتوار کو کوالالمپور میں ہونے والے مقابلے کے دوسرے میچ میں ملائیشیا نے انڈونیشیا کو 0-3سے ہرا دیا تھا جس کے بعد ملائیشین ٹیم کو 2-4 سے مقابلے کا فاتح قرار دے دیا گیا۔
تاہم اتوار کو ہونے والا میچ کا نتیجہ اس وقت ایک عالمی تنازعہ کا شکار ہوگیا تھا جب انڈونیشین کھلاڑیوں نے معروف سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ "ٹوئٹر" کے ذریعے یہ شکایت کی کہ میچ کے دوران ملائیشین تماشائی لیزر پینز کے ذریعے ان کی توجہ بٹانے کی کوشش کرتے رہے جس کے باعث انڈونیشین ٹیم درست طور پر نہ کھیل سکی۔
بدھ کے روز ملائیشیا کے وزیرِ اعظم نجیب رزاق نے اپنی ٹیم کو متنازعہ قرار دی جانے والی فتح کی مبارک باد دینے کیلیے بذاتِ خود "ٹوئٹر" کا انتخاب کیا۔ ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ملائیشین وزیرِا عظم نے 14 سال قبل شروع ہونے والا آسیان ٹورنامنٹ جیتنے پر قومی ٹیم کی تحسین کی۔
ملائیشیا کی سرکاری خبررساں ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نجیب رزاق نے بدھ کی شب کو "ملائیشین فٹ بال کی تاریخ کی عظیم ترین شب" بھی قرار دے ڈالا۔
واضح رہے کہ اتوار کو کوالالمپور میں کھیلے گئے میچ کے بعد ملائیشیا کے وزیرِ کھیل نے میچ کے دوران ہونے والے ناخوشگوار واقعات پر اپنی شرمندگی کا اظہار کیا تھا۔ انڈونیشیا کے کھلاڑی اتوار کے میچ کے دوران تماشائیوں کی جانب سے تنگ کیے جانے پر کئی منٹ کیلیے احتجاجاً واک آئوٹ کرگئے تھے۔ کھلاڑیوں کا موقف تھا کہ ملائیشین تماشائی ٹیم کے ارکان اور گول کیپر کی آنکھوں میں لیزر پینز کے ذریعے روشنی ڈال کر ان کی توجہ بٹا رہے ہیں۔
انڈونیشیا کی سرکاری خبررساں ایجنسی "انتارا" کے مطابق ملک کے صدر سوسیلو بمبانگ یودھویونو نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ کوالالمپور میں کھیلے جانے والے میچ میں ہونے والی بے ضابطگیوں پر باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا جائے۔