امریکہ: آٹھ مہینے سے گمشدہ شوہر کی لاش گھر سے ہی برآمد

رچرڈ مئیج، فیس بک

امریکی ریاست الی نوائے میں ایک گھر سے خاتون کو اپنے شوہر کی گمشدگی کے آٹھ ماہ بعد ان کی لاش گھر کے خفیہ خانے سے ہی مل گئی ہے۔

53 برس کے رچرڈ مئیج کا آخری بار اہلیہ جینیفر مئیج سے 27 اپریل 2022 کورابطہ ہوا تھا۔ شوہر کی اچانک گمشدگی کے بعد جینیفر مئیج نے پولیس سے بھی رابطہ کیا اور آٹھ مہینے طویل جاری رہنے والی تلاش کے دوران پولیس نے دو مرتبہ ان کے گھر کی تلاشی بھی لی۔

پولیس نے رچرڈ اور جینیفر کے گھر کو 'ہورڈر ہوم' قرار دیا تھا۔ ہورڈر ہوم سے مراد ان لوگوں کا گھر ہوتا ہے جو غیر ضروری اشیا خرید کر گھر پر ان کا انبار لگا دیتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تلاشی کے دوران پولیس اہلکاروں کو گھر سے عجیب بدبو ضرور محسوس ہوئی لیکن اسے گھر پر موجود اشیا کے انبار اور سیوریج کی بدبو قرار دیا گیا۔

SEE ALSO: 'اسٹارز کو عزت دینا سیکھیں, ' سمیع خان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے پر ساتھی اداکار ناراض

ریاست الی نوائے کی میڈیسن کاؤنٹی کی جانب سے منگل کے روز جاری ہونے والی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق رچرڈ مئیج نے خودکشی کی تھی۔ وہ خودکشی سے پہلے گھر کے ایک خفیہ خانے میں چھپ گئے تھے۔

رچرڈ کی اہلیہ جینیفر کے مطابق 11 دسمبر 2022 کے روز کرسمس کے لیے گھر کی آرائش کے لیے جب انہوں نے رنگ برنگے بلب ڈھونڈنے کے لیے خفیہ خانے کی تلاشی لی تو انہیں اپنے شوہر کی لاش ملی۔

کاؤنٹی کے لیے پوسٹ مارٹم کرنے والی ڈپٹی کرونر کیلی راجرز نے مقامی ٹیلی وژن 'کے ٹی وی آئی' سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ رچرڈ کی لاش قدرتی طور پر ممی کی حالت میں ملی تھی۔

ان کے مطابق جب کسی جسم میں موجود مائع یا تو سوکھ جائے یا اسے نکال دیا جائے تو لاش خراب نہیں ہوتی۔ یہی وجہ تھی کہ رچرڈ کی گھر میں لاش کی موجودگی کے باوجود گھر سے آنے والی بدبو ناقابل برداشت حد تک نہیں پہنچی تھی۔